125

پنجاب بھر میں مارکیٹس رات 8 بجے بند اتوار کو مکمل بند رکھنے کا حکم

لاہور (نمائندہ پنڈی پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے اور اتوار کو مکمل بند کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے کیس کی سماعت کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم دیدیا۔عدالت نے کہا کہ ٹرک اور ٹرالر اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں، ڈولفن پولیس اور پولیس اہلکار ہیوی ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے تعینات کئے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر سماعت پر حکومت کو اسموگ کنٹرول کیلئے اقدامات کا کہتے رہے، اصل آلودگی کا باعث ہیوی ٹریفک کا دھواں چھوڑنا ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اگر لاری اور بسوں کو نوٹس دیئے ہیں تو ابھی تک بند کیوں نہیں ہوئیں؟ دھواں چھوڑنے والی بسوں کو 50، 50 ہزار جرمانہ کریں تو کیسے ٹھیک نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی سڑک پر کیسے جا سکتی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کو اقدامات کرنا چاہئیں تھے۔ حکومت شاید عدالتی احکامات کو اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہی ، ڈی سی لاہور اور کمشنر کو رات کو نکل کر دیکھنا چاہیے کیا ہو رہا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کی صورتحال تشویشناک ہوگئی۔پنجاب حکومت نے تشویشناک صورتحال کے باعث پارکس، تفریح گاہیں اور عجائب گھر آج سے 10 دن کے لیے بند کردیے۔اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی 8 نومبر سے 17 نومبر تک لاگو رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر گرفتاری ہوگی اور جرمانے کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔لاہور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کی شدت برقرار ہے، ایسی آلودہ فضا میں سانس لینا انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔صبح سویرے لاہور میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 860 رکارڈ کی گئی، لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں