اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی اسرائیل بارے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستانی شہریوں کے اسرائیل جانے بارے کوئی علم نہیں ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق خبروں بارے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں، صورتحال واضح ہونے پر ہی تبصرہ کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میزائل اور دفاعی صلاحیتیں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے ہیں، پاکستان کا جوہری پروگرام مکمل طور پر محفوظ اور ناقابل تسخیر ہے، ہماری میزائلوں ٹیکنالوجی ملک کے دفاع کے لیے ہے اور یہ ڈیٹرینس کے ذریعے ہمارے دفاع کی حکمت عملی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا سفری ایڈوائزری کا جاری ہونا کسی بھی ملک کا اپنا معاملہ ہے تاہم امریکا کی پاکستانیوں پر پابندیوں کی اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں ہے، امریکا میں داخلہ پابندیوں کی رپورٹس کی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے تردید کر دی ہے۔
افغان ناظم الامور کی طلبی سے متعلق سوال پر شفقت علی خان کا کا کہنا تھا افغان ناظم الامور کی طلبی معمول کا حصہ ہے، کل ویزا معاملات سے متعلق ہونے والا اجلاس معمول کے اجلاسوں کا حصہ تھا، کسی سفارت کار کی طلبی ایک معمول کا حصہ ہوتی ہے، طلبی میں کچھ بھی غیر معمولی نہیں ہوتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مسلسل اپنے تحفظات سے افغانستان کو آگاہ کر رہا ہے اور تمام چینلزکے ذریعے مؤقف پہنچایا جا رہا ہے، عالمی برادری کو افغان سرزمین سے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کا کہتے ہیں، افغان مہاجرین کی ملک بدری کی ڈیڈ لائن برقرار ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔