میرپور: شہر میں جعلی افغانی ای ویزوں کے ایک بڑے اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ایک مقامی کباڑیہ ملوث نکلا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ افغانی شہریوں کو حراست میں لے کر بعد ازاں ڈی پورٹ کر دیا، جبکہ مرکزی ملزم کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم جمعہ خان، جو بظاہر کباڑ کا کاروبار کرتا تھا، دراصل غیر قانونی طور پر ویزا ایجنٹ کے طور پر سرگرم تھا اور سادہ لوح افراد کو جعلی ای ویزے فراہم کر رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے پانچ افغانی شہریوں سے فی کس 60 ہزار روپے وصول کیے اور انہیں 60 روزہ وزٹ ویزے جاری کیے، جو بعد میں جعلی ثابت ہوئے۔
متاثرہ افراد کے مطابق انہیں ویزا ریفرنس نمبر 88004777571 کے تحت 22 اگست 2025 کو ای ویزا فراہم کیا گیا تھا، تاہم متعلقہ حکام نے بعد ازاں ان ویزوں کو جعلی قرار دے دیا۔ اس انکشاف کے بعد افغانی شہریوں کو پہلے ڈی پورٹ کیا گیا اور پھر مزید تفتیش کے لیے پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔
روزنامہ خبریں سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ افراد نے بتایا کہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ویزے مکمل طور پر قانونی ہیں، مگر بعد میں معلوم ہوا کہ وہ جعلسازی کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے حکام سے انصاف فراہم کرنے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم جمعہ خان عرصہ دراز سے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تھا اور جعلی دستاویزات کے ذریعے بھاری رقوم بٹور رہا تھا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ امیگریشن نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے اور ویزا اجرا کے عمل کو مزید سخت اور شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔ شہری حلقوں نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جعلی ویزا مافیا کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور عوامی آگاہی مہم چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔