454

میاں عمران عباس کیس میں نامزد اور پولیس مقابلہ میں ہلاک ملزمان کی قبرکشائی کا حکم

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی فرخندہ ارشد اعوان نے ایس ایچ او تھانہ ریس کورس میاں عمران عباس کے قتل میں نامزداور پولیس مقابلے میں مارے جانے والے 2 مبینہ ملزمان کی قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹمارٹم کی ہدائیت کر دی ہے جس کے تحت دونوں متوفیان کی قبر کشائی آج (بروز جمعہ)چکوال اور راولپنڈی میں ہو گی عدالت نے متعلقہ ایس ایچ اوزاور ٹی ایم اوزکو قبر کشائی اور اس دوران سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرنے کے ساتھ ای ڈی او ہیلتھ کومیڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ہے عدالت نے یہ احکامات ملزم کی بیوہ کی درخواست پر جاری کئے مسماۃ شاہدہ چوہدری نے ملک وحید انجم ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس پر متعلقہ عدالتوں نے دونوں ملزمان کی قبر کشائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیا تھا کہ رواں برس 7مارچ کو ایس ایچ او تھانہ سول لائن انسپکٹر عمران عباس کو نامعلوم افراد نے کچہری چوک کے قریب شہید کر دیا تھا درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ 5روز بعد 12 مارچ کی درمیانی شب سی پی او راولپنڈی کے حکم پر ایس ایچ او آر اے بازار آصف، ایس ایچ او سول لائن احسن کیانی اور ایس پی سید علی کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری زبردستی ہمارے گھر میں داخل ہوئی اور میرے شوہر سمیت اس کے بھائی شاہد کو تھانہ سول لائن لیجا کر بری طرح سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی تاہم پولیس نے اسے مقابلہ قرار دیکر ہمارے خلاف مقدمہ درج کردیا درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا کہ پولیس نے ملی بھگت کر کے شاہد امجد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اپنی مرضی کے مطابق تبدیلیاں کروائی ہیں اگر مقتول کی قبرکشائی اور دوبارہ سے پوسٹ مارٹم کیا جائے تو بہت سارے حقائق سامنے آجائیں گے عدالت کی جانب سے درخواست منظور کرنے کے بعد متعلقہ مجاز عدالتوں کی ہدائیت پر شاہد نامی مقتول ملزم کی قبر کشائی آج (بروز جمعہ)صبح 9بجے تھانہ ڈوہمن چکوال جبکہ زاہد نامی مقتول ملزم کی قبر کشائی دن 12بجے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میرا کلاں میں ہوگی اس حوالے سے متعلقہ ایس ایچ اوز کو حکم دیا گیاہے کہ ملزم کی قبر کشائی کے انتظامات مکمل کریں جبکہ ای ڈی او ہیلتھ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس کو ہدائیت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دیں یاد رہے کہ علاقہ مجسٹریٹ نے 28 مئی کو قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی استدعا مسترد کر دی تھی جسے متاثرین نے سیشن کورٹ میں چیلنج کیا تھا جہاں عدالت نے ان کی استدعا منظور کرلی تھی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں