لاہور: (پنڈی پوسٹ نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں اہم اور بڑے روڈ پراجیکٹس کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں ملتان وہاڑی روڈ کو صوبے کی پہلی ڈسٹ فری سڑک قرار دیتے ہوئے اس کی بروقت اور معیاری تعمیر پر زور دیا گیا اور کہا کہ روڈ کی بیس اور سب بیس مکمل ہو چکی ہے جبکہ سفالٹ بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے لاہور رنگ روڈ کے ایس ایل فور منصوبے کی منظوری دی، جبکہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے مختلف فیزز کی بھی اصولی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ وزیرآباد روڈ تا سیالکوٹ پسرور روڈ رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس میں بھکر، لیہ اور تھل کے علاقوں کو ایم فور موٹروے سے منسلک کرنے کے لیے تھل ایکسپریس وے کے مجوزہ منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ راولپنڈی سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں 7 انڈر پاسز اور ایک اوورہیڈ برج تعمیر کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان وہاڑی روڈ سمیت دیگر منصوبوں کی ویکلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام جاری روڈ پراجیکٹس ہر صورت بروقت مکمل کیے جائیں اور 30 جون تک تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں روڈز سیکٹر کے 2143 منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں 258 زیر تکمیل ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں جاری 462 سکیموں میں سے 376 مکمل ہو چکی ہیں اور 86 پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 12 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے اور دیہی علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس سے کھیت سے منڈی اور کارخانوں سے مارکیٹ تک رسائی آسان ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مساوی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر شہر اور ہر گاؤں تک سڑکوں کی تعمیر ناگزیر ہے، جبکہ لاہور ٹورازم ہائی وے کے منصوبے میں شجرکاری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔