مومنہ اقبال ہراسگی کیس:تفتیش میں ثاقب چڈھر اور اہلیہ سمیرا بے قصور قرار

(پنڈی پوسٹ نیوز)سیشن عدالت لاہور میں اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔تفتیشی افسر نے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کو فی الحال بے قصور قرار دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ دونوں کی گرفتاری درکار نہیں، این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر نے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سے متعلق تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے مقدمے کی تفتیش تبدیل کر کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی، جس کے بعد معاملے کی ازسرنو تفتیش کی گئی، تفتیشی افسر کے بیان کی روشنی میں لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی۔عدالت نے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

دوران سماعت اداکارہ مومنہ اقبال اپنے وکیل عدنان احسان کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئیں، مومنہ اقبال کے وکیل نے تفتیشی رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے مدعیہ کو اعتماد میں لئے بغیر تفتیش تبدیل کی، نئے تفتیشی افسر نے مبینہ طور پر مکمل تحقیقات کیے بغیر ہی ملزمان کو کلیئر کر دیا۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ تفتیش کے عمل اور ملزمان کو بے قصور قرار دینے کے معاملے کا جائزہ لیا جائے۔یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر کے خلاف ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔