
بچھڑا کچھ اِس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اِک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
انتہائی رنج و غم کے ساتھ یہ المناک خبر موصول ہوئی کہ پاکستان ملٹری اکاونٹس ایمپلائز ایسوسی ایشن آل پاکستان کے عظیم رہنما، یونائیٹڈ گروپ کے تاحیات چیئرمین، مزدور تحریک کی توانا آواز اور کارکنان کے ہر دلعزیز قائد راجہ اشرف حسین اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔آپ کی وفات صرف ایک فرد کی جدائی نہیں بلکہ ایک سنہری باب کے اختتام، ایک نظریے اور ایک ایسے عہد کے خاتمے کا اعلان ہے جس نے اپنی پوری زندگی ملازمین کے حقوق، اتحاد، وقار اور خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔مرحوم راجہ اشرف حسین اور میرے بڑے بھائی چوہدری آصف ایوب مرحوم نہ صرف ایک دوسرے کے قریبی ساتھی تھے بلکہ جدوجہد، وفاداری، اخلاص اور قربانی کی ایسی مثال تھے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دونوں شخصیات یونائیٹڈ گروپ کے بانی ستون تھے اور ملازمین کے حقوق کی جنگ میں شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ ان کی رفاقت، جرات اور اتحاد آج بھی کارکنان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔راجہ اشرف حسین مرحوم ایک بے باک، بااصول، مدبر اور دردِ دل رکھنے والے رہنما تھے۔ آپ نے ہمیشہ حق اور سچ کا علم بلند رکھا، کارکنان کے مسائل کو اپنی ذات کا مسئلہ سمجھا اور ہر پلیٹ فارم پر ان کی آواز بنے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ان کی جدائی پر ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل غمزدہ ہے۔مرحوم کی نمازِ جنازہ ڈھوک رتہ، راولپنڈی میں ادا کی گئی جبکہ تدفین ان کے آبائی گاوں پکا کھو بیول، تحصیل کلر سیداں میں ہوئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ سیاسی، مذہبی، سماجی اور عوامی شخصیات سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد سمیت پاکستان ملٹری اکاونٹس کے افسران، ملازمین، یونین نمائندگان اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ملازمین یونین کے نمائندگان اور ممتاز شخصیات جن میں ڈاکٹر چوہدری صغیر عالم، ملک طاہر، راجہ سلطان شیر افگن، راجہ امجد منیر، راجہ اعظم، پیر سید ضامن شاہ، چوہدری اسرار اور دیگر معززین شامل تھے، نے مرحوم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔وہ شخص بظاہر ہم سے جدا ہوگیا، مگر اس کی جدوجہد، اس کا کردار، اس کی محبتیں اور اس کی آواز ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گی۔ راجہ اشرف حسین مرحوم صرف ایک نام نہیں تھے، بلکہ وفا، جدوجہد، قیادت اور تاریخ کا استعارہ تھے۔میں، مرحوم راجہ اشرف حسین کے صاحبزادگان، اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، ساتھیوں اور یونائیٹڈ گروپ کے تمام کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔