تحریر: ڈاکٹر محمد احسن اقبال
آج کا یہ کالم والدین کی عظمت، خاموش قربانیوں، غربت کی تربیت اور نوجوان نسل کے نام محبت بھرے پیغام پر مبنی ہے ۔اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں والدین کے مقام و مرتبے کو جس عظمت، محبت اور تاکید کے ساتھ بیان فرمایا ہے، وہ انسانی رشتوں کی تاریخ کا سب سے خوبصورت اور ابدی پیغام ہے۔
سورۃ بنی اسرائیل، آیت 23 میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اس نے فیصلہ فرما دیا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرو۔ اسی آیت میں تاکید فرمائی گئی ہے کہ اگر والدین میں سے کوئی ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں اُف تک نہ کہو، نہ انہیں جھڑکو بلکہ ان سے عزت و احترام کے ساتھ بات کرو۔ سورۃ بنی اسرائیل، آیت 24 میں والدین کے لیے یہ دعا سکھائی گئی ہے کہ اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما، جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا۔
ذرا سوچیے! جس رب نے انسان کو تخلیق کیا، اسی نے اپنی عبادت کے حکم کے ساتھ والدین کے احترام اور حسنِ سلوک کو بھی جوڑ دیا۔ یہ اس رشتے کی عظمت کا ایسا اعلان ہے جس کے سامنے دنیا کے تمام اعزازات، عہدے، دولت اور شہرتیں ماند پڑ جاتی ہیں۔ والدین محض دو رشتوں کے نام نہیں، یہ انسان کی پوری کائنات ہوتے ہیں۔ ان کی محبت میں کوئی مفاد نہیں، ان کی دعاؤں میں کوئی غرض نہیں اور ان کی قربانیوں کا کوئی حساب نہیں۔ یہ وہ ہستیاں ہیں جو اپنی خواہشات کو اولاد کے خوابوں پر قربان کر دیتی ہیں، اپنی خوشیوں کو بچوں کی مسکراہٹوں میں تلاش کرتی ہیں اور اپنی زندگی کے بہترین ایام اس امید پر گزار دیتی ہیں کہ ان کی اولاد ان سے بہتر زندگی گزار سکے۔
والدین وہ واحد رشتے ہیں جو ہماری کامیابی پر ہم سے زیادہ خوش اور ہماری ناکامی پر ہم سے زیادہ غمگین ہوتے ہیں۔ ماں: محبت کا وہ سمندر جس کی کوئی آخری حد نہیں۔ ماں کا ذکر ہو تو الفاظ بھی ادب سے سر جھکا لیتے ہیں۔ وہ ایک ایسی ہستی ہے جس کے وجود میں محبت، صبر، ایثار، قربانی اور دعا یکجا ہو جاتے ہیں۔ ماں کی گود بچے کی پہلی درس گاہ، اس کی آغوش پہلی پناہ گاہ اور اس کی دعا زندگی کا پہلا اور آخری سہارا ہوتی ہے۔ ماں وہ ہے جو اپنی نیند قربان کرکے بچے کو سکون سے سلاتی ہے، خود بھوکی رہ کر اس کے لیے روٹی بچاتی ہے، اپنی خواہشات کو خاموشی سے دفن کرکے اولاد کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں اپنی پوری دنیا تلاش کرتی ہے۔
کبھی اس ماں کو دیکھیے جو سردیوں کی رات میں بچے کے پاؤں پر رضائی درست کرتی ہے۔ کبھی اس ماں کے چہرے کو پڑھیے جو بخار میں تپتے بچے کے سرہانے پوری رات جاگتی رہتی ہے۔ کبھی اس کی آنکھوں میں جھانکیے جو بیٹے کے گھر سے نکلنے کے بعد بھی دروازے کی طرف دیکھتی رہتی ہے اور واپسی پر اس کے چہرے سے دن بھر کی تھکن پڑھ لیتی ہے۔ اس کے پاس شاید دنیا کی دولت نہ ہو، مگر اس کی دعاؤں میں پوری کائنات سمائی ہوتی ہے۔
ماں کی محبت کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ وہ اپنی زندگی کا بہترین حصہ اولاد پر نچھاور کر دیتی ہے، مگر اولاد اکثر اس کی قربانیوں کی قدر اس وقت کرتی ہے جب اس کے ہاتھوں کی حرارت یادوں میں بدل چکی ہوتی ہے۔ ماں کے ہاتھوں کی لکیروں میں اولاد کا مستقبل لکھا ہوتا ہے، اور اس کی آنکھوں کی نمی میں وہ دعائیں چھپی ہوتی ہیں جنہیں دنیا کبھی پڑھ نہیں سکتی۔
باپ: وہ شخص جو اپنی خواہشات کا جنازہ اٹھا کر اولاد کے خواب زندہ رکھتا ہے
باپ ایک ایسی عظیم شخصیت ہے جس کی محبت اکثر خاموش رہتی ہے۔ وہ اپنی پریشانیاں بیان نہیں کرتا، اپنی تکلیفوں کا چرچا نہیں کرتا، اپنے آنسو سب کے سامنے نہیں بہاتا، مگر اس کی خاموشی میں ایک پورا خاندان آباد ہوتا ہے۔ باپ کی زندگی کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ وہ دوسروں کے لیے مضبوط بننے کی کوشش میں خود کتنا ٹوٹتا ہے، اس کا اندازہ کسی کو نہیں ہوتا۔ وہ صبح گھر سے نکلتا ہے تو اس کے ذہن میں بچوں کی فیس، گھر کا کرایہ، بجلی کا بل، راشن، علاج، بیٹی کے مستقبل اور بیٹے کی تعلیم کے ہزاروں سوال گردش کر رہے ہوتے ہیں۔ کبھی دفتر کی سختیاں، کبھی کاروبار کی پریشانیاں، کبھی معاشی دباؤ اور کبھی معاشرے کے تلخ رویے؛ لیکن جب وہ گھر کی دہلیز پر قدم رکھتا ہے تو کوشش کرتا ہے کہ اس کے چہرے کی تھکن بچوں کی مسکراہٹوں کو متاثر نہ کرے۔
اس کے اپنے جوتے کئی سال پرانے ہوتے ہیں، مگر وہ بیٹے کے لیے نئے جوتے خریدتا ہے۔ اس کی قمیص پرانی ہوتی ہے، مگر بیٹی کی شادی کے لیے بہترین لباس کا خواب دیکھتا ہے۔ اس کی جیب میں پیسے کم ہوتے ہیں، مگر بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے کسی سے ادھار لینے میں بھی ہچکچاتا نہیں۔ کبھی کسی باپ کو غور سے دیکھیے جو تنخواہ ملنے کے بعد سب سے پہلے گھر کا خرچ نکالتا ہے، بچوں کی فیس ادا کرتا ہے، ادویات خریدتا ہے اور آخر میں اپنی ضروریات کے لیے بچنے والی رقم گنتا ہے۔ اکثر اس کے لیے کچھ بچتا ہی نہیں۔
باپ کی جیب خالی ہو سکتی ہے، مگر اولاد کے لیے اس کے خواب کبھی غریب نہیں ہوتے۔ باپ اپنی جوانی محنت میں، اپنا بڑھاپا فکروں میں اور اپنی زندگی ذمہ داریوں میں گزار دیتا ہے۔ اس کے چہرے کی جھریاں دراصل اس کے خاندان کی خوشیوں کی قیمت ہوتی ہیں، اور اس کے ہاتھوں کی سختی ان خوابوں کی گواہی دیتی ہے جنہیں اس نے اپنی اولاد کے لیے حقیقت بنایا۔
غربت: محرومی نہیں، اگر وہ انسان کو انسان بنا دے! غربت کا ذکر آئے تو ہمارے سامنے ایک ایسا گھر آتا ہے جہاں خواہشات تو بہت ہوتی ہیں مگر وسائل محدود۔ جہاں بچے نئی چیزوں کے لیے ضد کرتے ہیں مگر والدین انہیں سمجھا کر مطمئن کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جہاں کبھی دسترخوان پر کئی پکوان نہیں ہوتے، مگر ایک روٹی کو محبت سے تقسیم کرنے والے دل موجود ہوتے ہیں۔ غربت بذاتِ خود کوئی مطلوبہ منزل نہیں۔ بھوک، بے روزگاری، بیماری اور بنیادی ضروریات سے محرومی یقیناً آزمائشیں ہیں۔ تاہم بعض اوقات یہی تنگ دستی انسان کو زندگی کے وہ سبق سکھا دیتی ہے جو آسائشوں میں پلنے والے لوگ پوری عمر میں بھی نہیں سیکھ پاتے۔ غربت روٹی کی قدر سکھاتی ہے، باپ کے پسینے کا احترام سکھاتی ہے، ماں کے ہاتھ کی سوکھی روٹی میں محبت کا ذائقہ محسوس کراتی ہے اور انسان کو اپنی کامیابی کے لیے محنت کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
وہ بچہ جس نے بچپن میں ایک ہی جوتے سے کئی موسم گزارے ہوں، جب اپنے پیروں پر کھڑا ہوتا ہے تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ کامیابی صرف دولت کا نام نہیں بلکہ ان ہاتھوں کی محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے اسے اس مقام تک پہنچایا۔
وہ گھر جہاں باپ کی آمدنی محدود ہوتی ہے مگر اس کی غیرت بلند، جہاں ماں کے پاس زیورات نہیں ہوتے مگر دعاؤں کا خزانہ بے شمار ہوتا ہے، جہاں بچوں کے پاس مہنگے کھلونے نہیں ہوتے مگر ایک دوسرے کے ساتھ ہنسنے کے لیے ہزاروں بہانے ہوتے ہیں؛ ایسے گھر غربت کے باوجود محبت اور تربیت کی دولت سے مالا مال ہوتے ہیں۔جس نے غربت میں ماں کی محبت اور باپ کی محنت دیکھی ہو، وہ دولت کی چمک سے متاثر تو ہو سکتا ہے، مگر رشتوں کی قیمت کبھی نہیں بھولتا کبھی کبھی زندگی کے سب سے قیمتی سبق بڑے تعلیمی اداروں میں نہیں بلکہ چھوٹے سے گھر کے ایک سادہ دسترخوان پر ملتے ہیں۔
والدین کی قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں ہو سکتا
سورۃ لقمان، آیت 14 میں اللہ تعالیٰ انسان کو والدین کے احسانات یاد دلاتے ہوئے فرماتا ہے کہ اس کی ماں نے اسے کمزوری پر کمزوری برداشت کرکے اپنے پیٹ میں اٹھائے رکھا اور اس کا دودھ چھڑانا دو سال میں ہوا۔ سورۃ الاحقاف، آیت 15 میں بھی والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کی تاکید کرتے ہوئے ماں کے حمل اور ولادت کی مشقت کا ذکر کیا گیا ہے۔
یہ قرآنی تعلیمات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ والدین کی قربانیاں محض معاشی یا جسمانی نہیں بلکہ جذباتی، ذہنی اور روحانی بھی ہوتی ہیں۔ ہماری پہلی مسکراہٹ ان کے لیے خوشی کا سبب بنتی ہے، ہمارا پہلا قدم ان کے لیے کامیابی کا لمحہ ہوتا ہے اور ہماری پہلی کامیابی ان کی برسوں کی دعاؤں کا ثمر محسوس ہوتی ہے۔
ہماری ڈگریوں پر ہمارا نام لکھا ہوتا ہے، مگر ان کے پیچھے والدین کی قربانیوں کی ایک طویل داستان ہوتی ہے۔ ہماری کامیابی کی تصاویر میں ہمارا چہرہ نمایاں ہوتا ہے، مگر ان تصاویر کے پس منظر میں ماں کی دعائیں اور باپ کے پسینے کے ان گنت قطرے چھپے ہوتے ہیں۔ہم اپنی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں، مگر کبھی یہ نہیں سوچتے کہ ان کامیابیوں کے لیے ہمارے والدین نے اپنی کتنی خوشیاں قربان کی ہوں گی۔
آج کی نوجوان نسل کے نام: محبت، احترام اور ایک دل سے نکلا پیغام
میرے عزیز نوجوانو!
آپ اس ملک کا مستقبل ہیں۔ آپ کے خواب، آپ کی محنت، آپ کی تعلیم، آپ کی صلاحیتیں اور آپ کا کردار آنے والے پاکستان کی بنیاد ہیں۔ آپ میں سے کوئی ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھ رہا ہے، کوئی انجینئر، کوئی استاد، کوئی افسر، کوئی کاروباری شخصیت اور کوئی دنیا میں اپنے وطن کا نام روشن کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ اپنے خواب ضرور پورے کیجیے، بلندیوں کو چھوئیے، دنیا میں اپنی پہچان بنائیے، مگر ایک بات کبھی نہ بھولیے گا کہ آپ کی زندگی کی پہلی کامیابی آپ کے والدین کی قربانیوں سے شروع ہوئی تھی۔
آپ کی پہلی مسکراہٹ پر خوش ہونے والے، آپ کے پہلے قدم پر تالیاں بجانے والے، آپ کی پہلی ناکامی پر آپ کو حوصلہ دینے والے اور آپ کی پہلی کامیابی پر آنسو بہانے والے یہی دو انسان ہیں۔میرے نوجوان بھائیو اور بہنو!
اپنے والدین کو اپنی مصروفیات کی فہرست میں آخری نمبر پر مت رکھیے۔ موبائل فون، سوشل میڈیا، دوستوں کی محفلوں، تفریح اور دنیاوی مصروفیات کے لیے وقت ضرور نکالیے، مگر اپنی ماں کے پاس بیٹھنے اور اپنے باپ سے بات کرنے کے لیے بھی چند لمحے مخصوص کیجیے۔ ماں جب بار بار پوچھتی ہے کہ کھانا کھایا ہے یا نہیں، تو اسے پرانی سوچ نہ سمجھیے؛ یہ اس کی محبت کی زبان ہے۔ باپ جب آپ کو وقت پر گھر آنے کی نصیحت کرتا ہے، تو اسے اپنی آزادی میں مداخلت نہ سمجھیے؛ اکثر اس کی فکر کے پیچھے زندگی کا وہ تجربہ ہوتا ہے جس سے آپ ابھی ناواقف ہیں۔
جب والدین آپ کو سمجھاتے ہیں تو ہمیشہ ان کے الفاظ ہی نہیں، ان کے پیچھے چھپی محبت کو بھی سمجھنے کی کوشش کیجیے۔ان سے اختلاف ہو سکتا ہے، مگر اختلاف کو بے ادبی میں تبدیل نہ ہونے دیجیے۔ آپ کی تعلیم، آپ کی کامیابی اور آپ کا جدید طرزِ زندگی اسی وقت خوبصورت ہے جب اس میں اخلاق، تہذیب اور بڑوں کا احترام بھی شامل ہو۔اپنے والدین کے سامنے اپنی کامیابیوں کا اظہار ضرور کیجیے، مگر ان کی ناکامیوں یا کم تعلیمی قابلیت کا کبھی مذاق نہ اڑائیے۔ وہ شاید ٹیکنالوجی نہ جانتے ہوں، انگریزی نہ بول سکتے ہوں، دنیا کے جدید تقاضوں سے پوری طرح واقف نہ ہوں، مگر انہوں نے آپ کو اس مقام تک پہنچانے کے لیے اپنی زندگی کے کتنے سال قربان کیے، اس کا حساب کسی ڈگری میں نہیں ملتا۔
اور میرے نوجوانو! اگر آپ کے والدین مالی طور پر کمزور ہیں تو ان کی غربت کو اپنی شرمندگی نہیں بلکہ اپنی محنت کا محرک بنائیے۔ ان کے پرانے کپڑوں، سادہ گھر، محدود آمدنی یا کم تعلیمی پس منظر کو اپنی شخصیت کے لیے بوجھ مت سمجھیے۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے محدود وسائل میں آپ کے لیے بڑے خواب دیکھنے کی جرأت کی اپنے والد کو کبھی یہ احساس نہ ہونے دیجیے کہ اب وہ آپ کے کسی کام کے نہیں رہے۔ اپنی ماں کو کبھی یہ محسوس نہ ہونے دیجیے کہ اس کی باتیں آپ کے لیے غیر ضروری ہو چکی ہیں۔یاد رکھیے، ایک دن آپ بھی عمر کے اس حصے میں پہنچیں گے جہاں آپ کو اپنے بچوں کے چند لمحوں، ایک فون کال، ایک مسکراہٹ اور محبت بھرے لہجے کی ضرورت ہوگی۔
میرے عزیز نوجوانو! آپ کے والدین ہمیشہ جوان نہیں رہیں گے۔ ان کے بال سفید ہو رہے ہیں، ان کے قدم آہستہ ہو رہے ہیں، ان کی آنکھوں کی روشنی کم ہو رہی ہے۔ وقت کے اس سفر کو پہچانیے۔ ان کے پاس بیٹھنے، ان کی بات سننے اور ان کے ہاتھ چومنے کا جو موقع آج آپ کے پاس ہے، اسے کل پر مت چھوڑیے۔میں آپ سے صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں:اپنی ماں کو ایک دن بتائیے کہ آپ اس کی محبت کو سمجھتے ہیں۔ اپنے باپ کو ایک دن گلے لگا کر کہیے کہ آپ اس کی محنت کے ممنون ہیں۔ شاید یہ چند الفاظ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی بن جائیں۔دنیا آپ کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے، مگر آپ کے والدین آپ کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں۔ دنیا آپ کے عہدے سے متاثر ہوتی ہے، مگر آپ کے والدین آپ کے کردار سے خوش ہوتے ہیں۔
اولاد کی کامیابی اور والدین کی تنہائی
آج کا معاشرہ ترقی، جدیدیت، ٹیکنالوجی اور کامیابی کی دوڑ میں بہت آگے نکل چکا ہے۔ ہمارے پاس دنیا بھر سے رابطے کے ذرائع ہیں، لیکن بعض گھروں میں اپنے ہی والدین کے لیے چند لمحے نکالنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ہم سوشل میڈیا پر ہزاروں لوگوں کی سالگرہ یاد رکھتے ہیں، دوستوں کے پیغامات کا فوری جواب دیتے ہیں، کاروباری ملاقاتوں کے لیے وقت نکالتے ہیں، مگر کبھی ماں کی ایک فون کال نظرانداز کر دیتے ہیں، کبھی باپ کی بات کو مصروفیت کا بہانہ بنا کر مؤخر کر دیتے ہیں۔ذرا سوچیے! جس ماں نے آپ کے بچپن میں آپ کے ہر رونے پر اپنی نیند قربان کی، کیا آج آپ اس کے چند منٹ بھی نہیں دے سکتے؟ جس باپ نے آپ کی ایک ضرورت پوری کرنے کے لیے اپنی کئی خواہشات ترک کیں، کیا آج اس کی دو باتیں سننے کا وقت بھی آپ کے پاس نہیں؟
رسول اکرم ﷺ نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کی عظمت بیان فرمائی۔ صحیح بخاری و صحیح مسلم کی روایت کے مطابق ایک شخص نے آپ ﷺ سے پوچھا کہ میرے حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری ماں۔ اس نے دوبارہ پوچھا، پھر کون؟ فرمایا: تمہاری ماں۔ تیسری مرتبہ بھی یہی فرمایا، پھر چوتھی مرتبہ فرمایا: تمہارا باپ۔
یہ حدیث ہمیں ماں کے عظیم مقام اور باپ کے بلند مرتبے کی یاد دلاتی ہے۔ایک دن یہ سب یادیں رہ جائیں گی!
زندگی کی سب سے تلخ حقیقت یہ ہے کہ وقت کسی کے لیے نہیں رکتا۔ آج جو ماں آپ کے لیے دروازے پر کھڑی ہے، کل شاید اس کی آنکھیں آپ کے انتظار میں تھک جائیں۔ آج جو باپ آپ کے لیے محنت کر رہا ہے، کل اس کے قدم لڑکھڑانے لگیں گے۔ آج جن ہاتھوں میں طاقت ہے، کل انہیں آپ کے سہارے کی ضرورت ہوگی۔اور پھر ایک دن ایسا بھی آئے گا جب گھر کے دروازے پر کوئی انتظار نہیں کرے گا۔ دسترخوان پر کوئی آپ کی پسند کا کھانا نہیں رکھے گا۔ کوئی آپ کی آمد پر یہ نہیں پوچھے گا کہ بیٹا! کھانا کھایا یا نہیں؟ کوئی رات گئے تک آپ کے واپس آنے کا منتظر نہیں ہوگا۔
گھر وہی ہوگا، دیواریں وہی ہوں گی، کمرے وہی ہوں گے، مگر وہ آوازیں نہیں ہوں گی جن سے گھر میں زندگی محسوس ہوتی تھی۔اس وقت انسان کو احساس ہوتا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی دولت وہ تھی جو اس کے پاس موجود تھی، مگر اس نے اسے معمولی سمجھا۔والدین کی موجودگی میں ان کی قدر کرنا سیکھیے، کیونکہ بعض دعائیں صرف ان لبوں سے ملتی ہیں جو ہمیشہ کے لیے خاموش ہو جاتے ہیں۔
جن کے والدین اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، ان کے لیے بھی خدمت کے دروازے مکمل بند نہیں ہوتے۔ ان کے لیے دعائے مغفرت کیجیے، صدقہ و خیرات کیجیے، ان کے جائز وعدوں کو پورا کیجیے اور ان کے عزیزوں کے ساتھ حسنِ سلوک رکھیے۔
اختتامیہ: اصل امیری والدین کی دعاؤں کا سرمایہ ہے
زندگی میں بڑے عہدے حاصل کیجیے، اعلیٰ تعلیم حاصل کیجیے، دولت کمائیے، دنیا میں اپنی پہچان بنائیے، اپنے خواب پورے کیجیے، مگر اس سفر میں اپنے والدین کو کبھی پیچھے مت چھوڑیے۔ اگر آپ کے والدین حیات ہیں تو ان کے چہروں پر مسکراہٹ بننے کی کوشش کیجیے۔ اگر وہ بوڑھے ہیں تو ان کے کمزور قدموں کا سہارا بنیے۔ اگر وہ بیمار ہیں تو ان کی خدمت کو سعادت سمجھیے۔ اگر ان کے پاس دولت نہیں تو انہیں احساسِ محرومی نہ ہونے دیجیے۔
اور اگر آپ نے غربت کے دن دیکھے ہیں تو اپنی کامیابی کے بعد ان دنوں کو مت بھولیے جن میں آپ کے والدین نے اپنی خواہشات قربان کرکے آپ کے لیے راستے بنائے تھے۔یاد رکھیے! دولت سے گھر خریدا جا سکتا ہے، محل تعمیر کیے جا سکتے ہیں، دنیا کی آسائشیں حاصل کی جا سکتی ہیں، مگر ماں کی گود، باپ کا سایہ اور والدین کی دعاؤں جیسا سکون کہیں نہیں خریدا جا سکتا۔
میں اپنی اس تحریر کا اختتام چند اشعار پر کرنا چاہوں گا:
ماں کی دعاؤں سے روشن ہیں زندگی کے سب راستے
باپ کے پسینے سے کھلتے ہیں مقدر کے واسطے
خود دھوپ میں جلتے رہے، ہم پر چھاؤں کرتے رہے
اپنی خوشی بھول کر ہمارے خواب بھرتے رہے
وہ گھر غریب ہو کے بھی دولت سے کم نہ تھا
ماں کی دعا تھی، باپ کا سایہ تھا، غم نہ تھا
جن کے قدموں میں کبھی جنت کا نشان رکھا گیا
ہم نے کیوں ان کے لیے وقت بھی کم رکھا گیا؟
جب تلک موجود ہیں، ان کی محبت تھام لو
زندگی کی سب سے قیمتی نعمت کو پہچان لو
آخر میں صرف اتنا عرض ہے کہ انسان کی اصل کامیابی یہ نہیں کہ دنیا اسے کتنا بڑا سمجھتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ اس کے والدین اس کے کردار پر کتنا فخر کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے والدین کی قدر کرنے، ان کی خدمت کرنے، ان کے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آنے اور ان کی دعاؤں کا مستحق بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ جن کے والدین حیات ہیں، انہیں صحت، عافیت، عزت اور ایمان والی طویل زندگی عطا فرمائے، اور جن کے والدین اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، ان کی کامل مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور ان کی قبروں کو نور سے بھر دے۔
آمین یا رب العالمین۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.