راولپنڈی /اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)پوٹھوہاری شاعر،محقق،چار کتابوں کے مرتب اور صحافی فیصل عرفان نے جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں پوٹھوہاری زبان و ادب،ثقافت کے فروغ اوربحالی کیلئے ادبی وثقافتی تنظیم” پوٹھوہاری ادبی بیٹھک راولپنڈی ”کے قیام کا اعلان کردیا ہے، بانی وصدر فیصل عرفان،سرپرست اعلیٰ نعمان مشتاق راجا(اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیڈرل پبلک سروس کمیشن) ہونگے،
لیاقت باغ راولپنڈی میں 14اپریل2025 کو منعقدہ ایک غیر رسمی، اوپن ائیر نشست میں شرکاء شکور احسن،عرفان بیگ،حافظ عثمان اسلم اوررمضان کنول سے گفتگو میں تنظیم کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے فیصل عرفان نے بتایا کہ پوٹھوہاری ڈرامہ نگاروں،گیت نگاروں،افسانہ نگاروں،ناول نگاروں اورشاعروں کے اعزاز میں ماہانہ غیر رسمی ادبی نشستوں کا انعقاد،آ ئندہ پانچ سال کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سے خالص ہفت روزہ پوٹھوہاری اخبار،جیوری کے ذریعے سالانہ بنیادوں پر پوٹھوہاری نثر اور شاعری کی کتب پر ایوارڈز کا اجرا،ایوارڈزکیلئے منتخب ہونیوالی کتب کے مصنفین کو دس ہزار روپے فی کس نقد انعام بھی دیا جائے گا
پوٹھوہاری زبان وادب کو سرکاری سطح پر تسلیم کرانے کیلئے سیمینارز،ریلیاں اور مذاکرے بھی منعقد کیے جائیں گے،نشست کی نظامت معروف پوٹھوہاری اور اردو شاعر شکور احسن نے کی،اس موقع پرحافظ عثمان اسلم نے 2، عرفان بیگ اور رمضان کنول نے رواں سال ایک ایک پوٹھوہاری کتاب شائع کرانے کا بھی اعلان کیا۔شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ14اپریل کویکم بیساکھ کیساتھ ہی پوٹھوہار بیلٹ میں گندم کی کٹائی کاآغاز ہوجاتا ہے اس لیے اسی دن کی مناسبت سے ہر سال 14اپریل کو پوٹھوہار کلچر ڈے کے طور پر منایا جائیگا۔