راولپنڈی(آصف شاہ/کرائم رپورٹر) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت سنگین نوعیت کے مقدمہ میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے عدالت نے حکم دیا کہ وہ شوکاز نوٹس کے جواب کے ساتھ 29 مئی کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں عدالت کی جانب سے یہ شوکاز نوٹس 13 سال پرانے مقدمہ کے تفتیشی افسر سمیت دیگر گواہوں کی مسلسل عدم حاضری پر جاری کیا ہے
تھانہ گنج منڈی پولیس نے 15 نومبر 2013 کو تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 ، 324 ، 295 ، 295بی، 342 ، 354 کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 385 درج کیا تھا جس میں مقدمہ کے تفتیشی افسر اور استغاثہ کے گواہ پیش نہیں ہو رہے تھے عدالت کی جانب سے ایس ایس پی انوسٹی گیشن صبا ستار کو جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 13 سال پرانے اس مقدمہ میں متعلقہ تفتیشی افسر اور گواہوں کا پیش نہ ہونا جہاں عدالتی کاروائی میں تاخیر کا باعث ہے وہیں پر انصاف کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے
جبکہ ایک سپروائزری افسر ہونے کے ناطے ایس ایس پی انوسٹی گیشن اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہی ہیں اور یہ اقدام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی سیکشن 37 کے تحت توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے عدالت نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو ہدایت کی کہ وہ شوکاز نوٹس کے جواب کے ساتھ 29 مئی کو عدالت میں اصالتا حاضر ہوں