راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) موٹروے پولیس نارتھ زون نے دوران پیٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے چکری کے قریب دو مشکوک سوزوکی کیری وینز کو روک کر تقریباً 2000 کلوگرام مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ گاڑیوں میں بھاری مقدار میں غیر معیاری گوشت لوڈ تھا، جس پر شبہ ہونے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔ حکام نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ گوشت انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
برآمد شدہ گوشت اور ملزمان کو گاڑیوں سمیت مزید تفتیش کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس اسٹیشن چکری کے حکام بھی قانونی کارروائی کے لیے موقع پر موجود رہے۔
موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو مضر صحت اشیاء سے محفوظ رکھا جا سکے۔