راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں روزانہ 60 سے 65 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، صورتحال اگرچہ تشویشناک ہے مگر یہ کنٹرول سے باہر نہیں کیونکہ ڈینگی کے حوالے سے حساس علاقوں راول ٹاؤن، ہزارہ کالونی اور ڈھوک حسو سے ڈینگی کے کیس زیادہ تعداد میں رپورٹ نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے زیادہ تر مریض ان علاقوں سے آرہے ہیں جو اسلام آباد کے قریب واقع ہیں اور جہاں پر ڈینگی کے مریضوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔یہ باتیں انہوں نے ڈینگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے فیلڈ سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ اتوار کی رات کو ہونے والی بارش کے بعد امید تھی کہ درجہ حرارت میں یکدم زیادہ کمی آئے گی مگر ایسا نہیں ہوا اور درجہ حرارت ابھی بھی 27 اور 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان میں ہے اور جب تک درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم نہیں ہوتا ڈینگی مچھر کی ہلاکت کا آغاز نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں جب راولپنڈی ڈینگی سے بری طرح متاثر ہوا تھا تو روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 170 سے زائد تھی لیکن ابھی ایسی صورتحال نہیں ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی جس کے بعد ڈینگی کے مریضوں میں بھی کمی واقع ہوگی۔
116