راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی میں واسا کے واٹر لیول گیج اسٹیشن پر چوری کی دلیرانہ واردات کی گئی، جس میں چور نالہ لئی سمیت 15 برساتی نالوں میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے والا مکمل سسٹم ہی لے اُڑے ۔
نامعلوم چوروں نے واٹر لیول گیج اسٹیشن کے کُنڈے تیز دھار آلے سے کاٹ دیے۔ سیلاب اور بارش کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال بتانے والا یہ جدید سسٹم جاپان نے دیا تھا۔ چور سسٹم کی سولر پلیٹس، ہیوی بیٹریاں ،قیمتی کمپیوٹرز اور ڈیوائسز بھی ساتھ لے گئے۔ نامعلوم چوروں نے اطمینان کے ساتھ کئی گھنٹے پر مبنی چوری کی دلیرانہ واردات کی۔
سسٹم چوری کے بعد سیلاب کی پیشگی اطلاع اور بارش کی صورتحال بتانے کا نظام مکمل مفلوج ہوگیا ۔ یہ جاپان کی جانب سے دیا گیا بہترین جدید خود کار سیلاب کی اطلاع دینے والا نظام تھا۔ چوری کے بعد واسا کا یہ واٹر لیول گیج اسٹیشن کباڑ خانے کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔
واسا نے چوری کے واقعے کی انکوائری شروع کر دی ہے، تاہم کلوز سرکٹ کیمرے کے حوالے سے بھی خاموشی ہے۔ سیلاب بارش صورتحال کا یہ سسٹم گزشتہ 15 سال سے بہترین انداز سے کام کررہا تھا۔ ڈپٹی کمشنر اور کمشنر نے بھی اس بڑی چوری کے حوالے سے رپورٹس طلب کی ہیں۔