راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ )راولپنڈی پولیس کی اہم کاروائی، بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت پانچ ملزمان گرفتار،ملزمان نے چند روز قبل کینٹ کے علاقہ میں ڈکیتی کے دوران شہری سے رقم چھینی تھی،ملزمان اعلی حکومتی عہدیداروں کا نام استعمال کر کے رقم طلب کرتے اور انکار پر اسلحہ کا استعمال کرتے تھے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ کاشف سہیل جبکہ دیگر ملزمان میں عامر، محمد اسلم، محمد اشفاق اور کاشف رسول شامل ہیں، ملزمان نے چند روز قبل کینٹ کے علاقہ میں ڈکیتی کے دوران شہری سے رقم چھینی تھی،ملزمان اعلی حکومتی عہدیداروں کا نام استعمال کر کے رقم طلب کرتے اور انکار پر اسلحہ کا استعمال کرتے تھے،ملزمان کے خلاف تھانہ کینٹ، پیرودھائی اور بنی کے علاوہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی مقدمات درج ہیں،ملزمان کی گرفتاری پولیس کے لئے ایک چیلنج تھی جنہیں ایس پی سی آئی اے کی زیر نگرانی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران مری سے گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے جیل بھجوایا جا رہا ہے، شناخت پریڈ کے بعد مقدمات کی تفتیش کرکے مال مسروقہ برآمد کیا جائے گا، ملزمان سے سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں،سی پی او محمد احسن یونس نے ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر ایس پی سی آئی اے اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
208