راولپنڈی:ایکسائز انسپکٹر رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

راولپنڈی (پنڈی پوسٹ نیوز) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز کے انسپکٹر عمران اشرف بٹ کو مبینہ طور پر شہری سے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن راولپنڈی کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ محکمہ ایکسائز کا انسپکٹر شہری سے ایک کام کے عوض مبینہ طور پر رشوت طلب کر رہا ہے۔ شکایت کی تصدیق کے بعد اینٹی کرپشن ٹیم نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں کارروائی کا منصوبہ بنایا۔

کارروائی کے دوران اینٹی کرپشن ٹیم نے کامیاب ریڈ کرتے ہوئے انسپکٹر عمران اشرف بٹ کو شہری سے رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے موقع پر گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کر لیے گئے۔ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق رشوت ستانی کے خلاف کارروائیاں قانون کے مطابق جاری رہیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران و اہلکاروں کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت ستانی کی شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔