کلرسیداں (یاسر ملک)
تحصیل کلر سیداں اور کہوٹہ کی آٹھ یونین کونسلیں ماڈل ویلج قرار، دس کروڑ روپے کے فنڈز مختص۔رابطہ سڑکیں، گلیات اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو ترجیح دی جائے گی۔بلدیاتی انتخابات کی تیاری، ن لیگ کو منظم کرنے کی مہم تیز کرنے کا عندیہ۔راجہ صغیر احمد کا آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان، بیٹے کو امیدوار بنانے کا فیصلہ۔ناراض لیگی رہنماؤں کو منانے کے لیے خود ان کے پاس جانے کو تیار ہوں، راجہ صغیر۔چوہدری نثار کو اہم سرکاری عہدہ دیے جانے کا امکان، اعلان جلد متوقع۔ان خیالات کا اظہار رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمدنے سینئر صحافی راجہ محمد سعید کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی راجہ محمد فاروق کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ تحصیل کلر سیداں اور کہوٹہ کی چار چار یونین کونسلوں کو ماڈل ویلج کا درجہ دیا جا رہا ہے جن کے لیے 10 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں پانچ کلومیٹر تک کی رابطہ سڑکیں، گلیات اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور اپنے بیٹے بریسٹر احمد صغیر راجہ کو سیاست میں لائیں گے۔چوہدری نثار احمد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں حکومت کی جانب سے اہم عہدہ دیے جانے کا امکان ہے، جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔ راجہ صغیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو مقامی سطح پر منظم کرنے کے لیے ناراض رہنماؤں کو منایا جائے گا، اور ضرورت پڑی تو وہ خود ان کے پاس جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال بلدیاتی انتخابات متوقع ہیں، جس کے لیے مسلم لیگی کارکنوں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنی ہوگی۔ بعد ازاں، وہ پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر اقبال کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ بھی گئے۔