دہشتگردی کے عفریت پر قابو پانے کے لیے ہر محاذ پر بند باندھنے کی ضرورت ہے: خرم نواز گنڈا پور

ٹیکسلا۔ دہشت گردی کے عفریت کو قابو میں لانے کے لیے ہمہ جہتی محاذوں پر بند باندھنا ہو گا۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج اور بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سے بات چیت ممکن ہے نہ معافی مگر دیگر کو مذاکراتی دھارے میں شامل کر کے ان کے اذہان کو پاک کیا جانا ضروری ہے۔

دہشت گردوں کو فتنہ خوارج کا نام 2024 میں دیا گیا مگر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 2010 میں اس فتنہ کے خلاف 600 صفحات کا تاریخی فتوی دیکر عالم اسلام میں پہلی توانا آواز بلند کی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اب تک 3700 کے قریب جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروا چکی ہے اور منہاج فاونڈیشن ضلع راولپنڈی شمالی کے زیر اہتمام آج 16 بچیوں کی رخصتی کرائی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے واہ میں 16 اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ضلعی صدر صغیر خان کی زیر نگرانی 11 انتظامی کمیٹیاں مصروف عمل تھیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ بدقسمتی یہ ہوئی کہ سیاست دانوں اور راہنماوں نے قوم بالخصوص نوجوان نسل کی تربیت میں کردار ادا کیا اور نہ انہیں اچھا اور مفید شہری بنا سکے۔ اس وقت معاشرہ پولوزائزیشن کا شکار ہے تو اس میں مذہبی و سیاسی قیادت کا بھی کردار ہے۔ محبت کی جگہ نفرت، تحمل کی جگہ انتہا پسندی، راست گوئی کی جگہ جھوٹ اور بہتان نے لے لی۔ ان حالات میں فہم، فراست، علم، حکمت اور دلیل کی بات کرنا فضول عمل لگتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی دعوت پر ہم نے اسلام آباد میں تقریب میں شرکت کی اور اس کا مقصد یگانگت، وحدت اور اس ملک کے استحکام کا اجتماعی پیغام دینا تھا۔

قبل ازیں انہوں نے 16 دلہنوں میں سلامی تقسیم کی اور تقریب میں لگے سٹالز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری انتظامی کمیٹی جاوید قادری، خرم شیراز، سیف اللہ قادری، انچارج میڈیا سیل قمر عباس، امجد خان و دیگر بھی موجود تھے۔ نقابت کے فرائض محمد راشد، امجد اعوان اور علامہ افتخار رحمانی نے سرانجام دیے۔ برائیڈل گفٹ کمیٹی کے انچارج ندیم اعوان اور شفیق گجر، ہال کمیٹی کے سلیم ہزاروی اور عامر علی جبکہ سیکورٹی امور محمد مقصود کے ذمہ تھے۔ تقریب میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کے پی سے منہاج القرآن کے ذمہ داران شریک تھے جبکہ دیگر مذہبی و سیاسی راہنماوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا