دائرہ علم و ادب پاکستان کا دو روزہ اجلاس دعوۃ اکیڈمی میں اختتام پذیر، 2027ء کے منصوبۂ عمل کی منظوری، ’’چراغِ راہ‘‘ کا دوبارہ اجرا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی: سید محمد علی)
رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے کہا ہے کہ اہلِ قلم مخالفین کے تعاقب میں وقت ضائع کرنے کے بجائے نظم اور نثر دونوں میں اسلام کا روشن چہرہ پیش کریں، کیونکہ اسلامی ادب کی ترقی کا راستہ مثبت تخلیق ہی ہے۔ وہ دائرہ علم وادب پاکستان کے زیرِ اہتمام دعوۃ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ’’مسلم معاشرے میں علم و ادب کا کردا‘‘کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ 14 اور 15 نومبر کو ہونے والے اس اجلاس میں پشاور، کوئٹہ، ملتان، کشمیر، منڈی بہاؤالدین اور اسلام آباد سے منتخب شاعروں، ادیبوں، محققین اور بچوں کے ادیبوں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ اسلامی ادب کی مخالفت کا آغاز اشتراکیت نے کیا تھا؛ اشتراکیت ختم ہو گئی مگر اس کی باقیات موجود ہیں۔ مغرب نے سرمایہ داری کو اپنا رہنما بنا لیا ہے، جبکہ ہمارے اہلِ قلم کو اسلامی معیشت، دیانت دار تجارت اور سود سے پاک معاشرے کا خاکہ ادب کی زبان میں پیش کرنا ہے۔
دائرہ کے مرکزی صدر احمد حاطب صدیقی نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ آج خاندانی نظام سوچی سمجھی یلغار کی زد میں ہے اور اسلامی اخلاقیات پر حملوں کا جواب دلیل اور شائستگی سے دیا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن عاصم نے سورۃ القلم کے حوالے سے کہا کہ قلم امانت ہے اور اس کے حامل کی جواب دہی عام آدمی سے بڑھ کر ہے؛ اسلامی ادب کی پہچان اعتدال، سچ گوئی اور دشمن کے ساتھ بھی انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن انسان کو کہانی کے پیرائے میں سمجھاتا ہے اور یہی ادب کے بہت سے اسالیب کا سرچشمہ ہے۔
دعوۃ اکیڈمی میں ادبِ اطفال کے انچارج ڈاکٹر فرید بروہی نے ترکیہ کے تجربے سے آگاہ کیا کہ وہاں بچوں کے بارے میں چار کروڑ کتابیں موجود ہیں اور ترکی ادبِ اطفال پندرہ غیر ملکی زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ موبائل فون کو دشمن سمجھنے کے بجائے مفید ذریعہ بنایا جائے اور مصوروں کے اشتراک سے تصویری کتابیں تیار کی جائیں۔ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن پاکستان کے سربراہ محمد خلیق نے کامیاب پروگرام کے بنیادی لوازم پر گفتگو کی۔
اجلاس میں جماعتِ اسلامی کے تاریخی ادبی جریدے ’’چراغِ راہ‘‘ کے دوبارہ اجرا پر بھی ایک نشست ہوئی۔ مدیرِ اعلیٰ ڈاکٹر ظفر حسن ظفر نے بتایا کہ چودھری غلام محمد کا جاری کردہ یہ رسالہ، جس کے مدیر نعیم صدیقی اور پروفیسر خورشید احمد رہے، 1970ء میں بند ہو گیا تھا اور اب چھپن برس بعد 2026ء میں اس کی اشاعت دوبارہ شروع ہوئی ہے۔
دائرہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد ریاض عادل نے بتایا کہ تنظیم دس برس قبل قائم ہوئی اور اب تک قومی سطح کے تین بڑے پروگرام کر چکی ہے۔ ان کی زیرِ نظامت محفلِ مشاورت میں گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، 2027ء کے لیے مرکزی اور صوبائی منصوبۂ عمل منظور کیا گیا، اور ملتان سے تعلق رکھنے والے شیر افگن جوہر کو دائرہ علم و ادب پنجاب کا انچارج مقرر کیا گیا۔
اجلاس کے پہلے روز جناب خلیل الرحمٰن چشتی کی صدارت میں مشاعرہ بھی ہوا، جس کے مہمانِ اعزاز ڈاکٹر مستفیض علوی تھے۔ اختتامی نشست میں دائرہ کے سرپرست محمد ضیغم مغیرہ نے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

خصوصی شکریہ: طارق اعظم کوہستانی صاحب، جنہوں نے اس رپورٹ کی تیاری میں تعاون کیا۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.