حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے: وزیر اعظم

(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔وزیراعظم نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کا سفر پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور آزمودہ برادرانہ تعلقات پر بھی فخر ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان اور سعودی عرب نے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت اور باہمی تعاون کا عکاس ہے۔

وزیراعظم نے حوثی حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں بھی مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔