کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) انسانی خدمت اور عوامی فلاح کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے چشم بکس ٹریڈنگ کمیونٹی یوکے کے زیراہتمام اور معروف سماجی شخصیت حاجی لطیف چوہان کی زیر سرپرستی ڈھوک چوہان میں چھٹا سالانہ فری آئی کیمپ شاندار انداز میں منعقد ہوا۔
کیمپ میں ماہرین امراض چشم، تربیت یافتہ پیرا میڈیکل عملہ اور رضاکاروں نے سینکڑوں مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں، جن میں آنکھوں کے معائنے، آپریشن، نظر کے چشمے، جدید ٹیسٹ اور ادویات شامل تھیں۔تفصیلات کے مطابق فری آئی کیمپ چشم بکس ٹریڈنگ کمیونٹی یوکے کی جانب سے فلاحی روایت کے تسلسل کے طور پر منعقد کیا گیا۔
کیمپ کا آغاز صبح سویرے کیا گیا اور سہ پہر تک جاری رہنے والے اس میڈیکل ایونٹ میں کلرسیداں اور مضافاتی دیہات سے بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بزرگ مریض شریک ہوئے۔ مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ جدید طبی آلات کی مدد سے کیا گیا جبکہ سفید موتیا اور دیگر امراض کے شکار افراد کے مفت آپریشن کیے گئے۔کیمپ میں آنے والے مریضوں کو نہ صرف آنکھوں کے لینز اور چشمے فراہم کیے گئے بلکہ مستحق مریضوں کے لیے مفت لیبارٹری ٹیسٹ، مکمل طبی تشخیص اور معیاری ادویات بھی دی گئیں۔ منتظمین کی جانب سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے کھانے اور آرام کے انتظامات بھی کیے گئے تاکہ کسی کو کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
اس موقع پر حاجی لطیف چوہان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چشم بکس ٹریڈنگ کمیونٹی یوکے کا مقصد دیہی اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو شہر کی طرز کی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے امراض اکثر غربت اور علاج کی عدم دستیابی کے باعث بڑھ جاتے ہیں، اس لیے ایسے فری کیمپ انسانی خدمت کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔علاقہ مکینوں نے فری آئی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر چشم بکس ٹریڈنگ کمیونٹی یوکے اور حاجی لطیف چوہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے یہ اقدامات خدمت انسانیت کی روشن مثال ہیں۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ برسوں میں بھی جاری رہے گا تاکہ ہر ضرورت مند تک روشنی کی کرن پہنچ سکے۔