راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عبداللہ محمود نے کہا ہے کہ راولپنڈی ضلع سمیت پنجاب کے پانچ بڑے اضلاع میں جاری کورونا کمیونٹی ویکسینیشن مہم کے دوران خصوصی موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو مارکیٹوں اور بازاروں میں دکانداروں اور ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائیں گی۔یہ بات انہوں نے کورونا ویکسینیشن مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام کے علاوہ انتظامی افسران نے بھی شرکت کی۔اے ڈی سی عبداللہ محمود نے کہا کہ 26 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہنے والی مہم کے دوران راولپنڈی ضلع کی 70 فیصد آبادی کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی جس کے لئے 356 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو یونین کونسل کی سطح پر اپنے فرائض انجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس سے بچاؤ کی اس خصوصی مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور انتظامیہ کو کو اس مہم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم راولپنڈی ضلع کی ساتوں تحصیلوں میں جاری کی گئی ہے جس کے لیے ہر یونین کونسل کی سطح پر دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے علاوہ کورونا ویکسینیشن کی یہ خصوصی مہم لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع راولپنڈی میں اس مہم کے تحت 18 سال و زائد عمر کی 70 فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی جبکہ دیگر چار اضلاع میں 40 فیصد آبادی کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ویکسینیشن کی اس خصوصی مہم میں کام کرنے والی ٹیمیں شہریوں میں یہ بھی آگاہی پیدا کریں کہ ویکسینیشن کے باوجود کرونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ کہ اس وبا کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہ مل سکے۔
200