(پنڈی پوسٹ نیوز)ایشین گیمز کے ٹیم اسکواش ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ چین کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جس کے ساتھ ہی پاکستان کا ایونٹ میں دوسرا سلور میڈل یقینی ہوگیا۔سیمی فائنل کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ چین کے کھلاڑی نے پاکستان کے نور زمان کو 3-1 سے شکست دی، تاہم دوسرے میچ میں اشعب عرفان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو 3-0 سے ہرا کر مقابلہ 1، 1سے برابر کردیا۔ فیصلہ کن میچ میں ناصر اقبال اور ہانگ کانگ چین کے لائی چیوک میتھو کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔
ناصر اقبال پہلا گیم 10-12 سے ہار گئے، تاہم انہوں نے کم بیک کرتے ہوئے دوسرا اور تیسرا گیم بالترتیب 11-3 اور 11-9 سے جیت لیا۔ چوتھے گیم میں بھی سخت مقابلہ ہوا، جس میں ناصر اقبال نے 14-12 سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا اور بھارت کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔