انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال کا نیا طریقہ کار متعارف

اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال اور ان میں سامنے آنے والی غلطیوں یا بے ضابطگیوں سے متعلق ٹیکس دہندگان کو پیشگی آگاہ کرنے کا طریقہ کار وضع کر دیا، انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی شق 38 بی شامل،، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ایف بی آر کے متعارف کروائے گئے نئے طریقہ کار کے تحت ایف بی آر کا خودکار نظام، بشمول سی آر ایم، ٹیکس دہندگان کے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کا جائزہ لے گا اور کسی بھی حقائق پر مبنی یا قانونی غلطی یا تضاد کی نشاندہی ہونے پر آئی آر آئی ایس کے ذریعے آن لائن ایڈوائس یا پیشگی اطلاع بھیجے گا۔

تاکہ ٹیکس دہندگان قانونی یا تعزیری کارروائی شروع ہونے سے پہلے اپنی وضاحت پیش کر سکیں، غلطیوں کی اصلاح کر سکیں یا دیگر ضروری اقدامات اٹھا سکیں۔ یہ پیشگی اطلاع متعلقہ دائرہ اختیار رکھنے والا ان لینڈ ریونیو افسر بھی جاری کر سکے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس دہندہ کو جواب دینے۔غلطی درست کرنے یا نشاندہی کردہ بے ضابطگی دور کرنے کے لیے کم از کم سات دن کی مہلت دی جائے گی۔ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں ٹیکس دہندہ کو دوبارہ یاددہانی بھیجی جائے گی، جس کے لیے بھی کم از کم سات دن کی مہلت مقرر ہوگی۔

خودکار نظام کے ذریعے سامنے آنے والے مسائل، بھیجی گئی اطلاعات اور ٹیکس دہندگان کے جوابات کا ریکارڈ متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر کو فراہم کیا جائے گا، جبکہ تمام اطلاعات، موصولہ جوابات اور کیے گئے اقدامات کا اندراج نظام کے ڈیش بورڈ پر بھی کیا جائے گا.متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر ٹیکس دہندہ کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق مزید کارروائی کرے گا۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.