
کلر سیداں کے مرکزی قبرستان میں دو یوم قبل امانت کے طور پر سپرد خاک کی جانے والی لاوارث نعش کے ورثاء تھانہ کلر سیداں پہنچ گئے اور علاقہ مجسٹریٹ کلر سیداں محمد عابد اعوان کی عدالت سے باضابطہ اجازت سے قبر کشائی کے بعدورثاء نے نعش کو شناخت کر لیا۔

متوفی کے بھائی ارشد علی سکنہ چوہدری ولایت کالونی سکیم نمبر تھری راولپنڈی نے پولیس کوبیان دیا کہ اس کے بھائی کا اصلی نام ظاہر شاہ ہے اور اس کا دماغی توازن درست نہ ہونے کی وجہ سے گاڑی میں بیٹھ کر کلر سیداں آ گیا اور معدے کی تکلیف پر ٹی ایچ کیو کلر سیداں کی ایمرجنسی میں اپنا نام تنویر ولد منگا خان لکھوایا اور ہسپتال سے فارغ ہونے پر ہسپتال کے مرکزی گیٹ سے باہر نکلتے ہی تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا تھا اور بعد ازاں بے نظیر ہسپتال راولپنڈی میں زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا تھا۔