اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے احکامات پر آج بینک رات 10بجے تک کھلے رہیں گے

(پنڈی پوسٹ نیوز)ملک بھر میں آج تمام کمرشل بینکوں کی شاخیں رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایت پر بینکوں کو اضافی اوقات تک خدمات فراہم کرنے کا پابند کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے ساتھ سرکاری واجبات اور ٹیکس بھی ادا کرسکیں گے۔بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپلی کیشنز، اے ٹی ایمز اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولیات تک بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے، تاکہ شہری آن لائن بھی اپنے ٹیکس اور سرکاری واجبات ادا کرسکیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ بینکوں کو 30 ستمبر کو ضرورت کے مطابق متعلقہ شاخیں فعال رکھنے اور نیشنل انسٹیٹیوشنل فیسیلی ٹیشن ٹیکنالوجیز (NIFT) کے ذریعے سرکاری لین دین کے لیے خصوصی کلیئرنگ کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔