پاکستان میں 12 سے 17 سال کی عمر کے کم قوت مدافعت والے افراد کو فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے کورونا ویکسی نیشن کی نظرثانی گائیڈلائنز جاری کی ہیں ، جن میں این سی او سی حکام نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کے لیے لوگوں کے گروپ کی حد کم کرکے 17 سال کردی گئی ہے ، 12 سے 17 سال کی عمر کے کم قوت مدافعت والے افراد کو فائزر ویکسین لگائی جائے گی ، جس کے لیے کم قوت مدافعت والے افراد کو میڈیکل دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق فائزرویکسین 18 سال سے کم عمر کے افراد کو لگائی جائے گی تاہم اس کے لیے 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے ب فارم ہونا ضروری ہوگا ، ب فارم پر درج نمبر نیشنل ایمونائزیشن مینجمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن کے لیے استعمال ہوگا۔ اسی طرح حکومت نے بوسٹر ویکسین سے متعلق بھی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں ، بوسٹرویکسین دو ڈوزز کے 28 دن کے بعد لگ سکے گی ، بوسٹر کی فی ڈوز فیس 1270 روپے مقرر ہے، بیرون ملک مقیم، ملازم، طلباء، سیاح اور عمرہ حج کرنے والے اہل ہوں گے ، حکومت کی جاری کردہ بوسٹر ویکسین کی گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ شہری گائیڈ لائن کے مطابق مطلوبہ ویکسین بطور بوسٹر لگوا سکیں گے ، بیرون ملک مقیم، ملازم، طلباء، سیاحوں اور عمرہ حج کرنے والے اہل ہوں گے، بوسٹر کے لیے صرف سائنوفارم، سائنوویک، فائزر ویکسین لگائی جائے گی۔ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار ایک روز میں 15 لاکھ افرادکی کورونا سے بچاو کی ویکسی نیشن کی گئی ہے ، گزشتہ روز15 لاکھ 90ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے ، گزشتہ روز ویکسین کی پہلی اوردوسری دونوں خوراکیں پہلی بارسب سے زیادہ لگائی گئیں ، پہلی خوراک 10 لاکھ 70 ہزار لوگوں کو لگائی گئی جب کہ دوسری خوراک 5 لاکھ 19 ہزار لوگوں کو لگائی گئی۔
189