اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)پی ڈی ایم اے نے اپنے حالیہ الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ آج سے مزید موسلادھار بارشیں شروع ہورہی ہیں۔ اس حوالے سے ایک مراسلہ بھی متعلقہ اداروں کو ارسال کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے مون سون بارشوں کا ایک اور نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ کل شب سے بحیرہ عرب سے مزید مون سون ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوچکی ہیں۔
جس کے باعث دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ نیا سلسلہ 6 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث صوبہ کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی، فلش فلڈ، اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو گرد آلود ہوائیں/ آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
تیز ہواؤں کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پردیں۔