راولپنڈی(حماد چوہدری)کلرسیداں بازار میں مبینہ طور پر غیر قانونی ویپ اسٹورز اور ویپ شاپس کی بھرمار نے شہریوں، خصوصاً والدین، میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ دکانیں بغیر کسی واضح قانونی اجازت کے کھلے عام کام کر رہی ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان ویپ شاپس کے باعث نوجوان نسل تیزی سے اس رجحان کی جانب مائل ہو رہی ہے، جو نہ صرف ان کی صحت بلکہ معاشرتی اقدار کے لیے بھی خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق ان دکانوں پر کم عمر لڑکوں کو بھی باآسانی ویپ مصنوعات فروخت کی جا رہی ہیں، جو قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
شہری حلقوں نے پنجاب پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں، بالخصوص پیرافورس، سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو اس کے منفی اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی ویپ شاپس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور نوجوان نسل کو اس بڑھتے ہوئے رجحان سے بچانے کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جائے