کلرسیداں (یاسر ملک)
کلر سیداں میں پی ٹی آئی قیادت کا دورہ، 5 اگست کے احتجاج میں شریک کارکنان کو خراج تحسین۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی و ضلعی قیادت نے 5 اگست کو ہونے والے کامیاب احتجاج کے بعد تحصیل کلر سیداں کا دورہ کیا اور احتجاج میں فعال کردار ادا کرنے والے کارکنوں کو سراہا۔سینئر نائب صدر شمالی پنجاب سردار منصور عباسی، ضلع راولپنڈی کے صدر چوہدری امیر افضل اور ضلعی جنرل سیکرٹری خان عاقل خان نے تحصیل صدر سید سجاد شاہ کاظمی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری تحصیل مبشر بکھڑال، صدر ایم سی دانیال کیانی، نبیلہ انعام، پروین رحمانی اور شازیہ بیگم بھی موجود تھیں۔سردار منصور عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 اگست کو کلر سیداں میں پی ٹی آئی کارکنان نے جس جرات، حوصلے اور تنظیمی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، وہ تحریک کا قابلِ فخر سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی سخت کارروائیوں اور رکاوٹوں کے باوجود کارکنان ڈٹے رہے اور عوامی حقوق کی آواز بنے۔ سابق رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ر) شبیر اعوان کی شرکت سے کارکنوں کا حوصلہ مزید بلند ہوا۔انہوں نے بتایا کہ مری، کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ میں بھی موثر انداز میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عوام کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے تیار ہیں۔ضلعی صدر چوہدری امیر افضل نے کہا کہ 5 اگست کا دن نہ صرف کامیاب احتجاج کی علامت ہے بلکہ یہ سیاسی اتحاد، جذبے اور عوامی بیداری کا مظہر بھی ہے۔ قیادت کی جانب سے کارکنان کو پیش کیا گیا خراجِ تحسین ان کی قربانیوں کا اعتراف اور آئندہ کی جدوجہد کے لیے نئی حوصلہ افزائی ہے۔