کلر سیداں سول رجسٹریشن ڈیجیٹل، پیدائش، وفات، شادی و طلاق کا اندراج Pak ID ایپ کے ذریعے ممکن

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ٹی ایم اے / میونسپل کمیٹی کلر سیداں نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ حکومتِ پنجاب نے عوام کو نچلی سطح پر آسان اور شفاف سہولیات کی فراہمی کے لیے سول رجسٹریشن کے نظام کو ڈیجیٹل کر دیا ہے۔

حکومتِ پنجاب، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اشتراک سے Pak ID موبائل ایپ کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے اندراج کی سہولت آن لائن فراہم کر دی گئی ہے۔ٹی ایم اے کلر سیداں کے مطابق اس حکومتی اقدام کے تحت شہری اب یونین کونسلز یا دفاتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے چند آسان مراحل میں سول رجسٹریشن کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔

اس سہولت کا مقصد عوام کو درپیش طویل انتظار، کاغذی کارروائی اور غیر ضروری مشکلات کا خاتمہ کرنا ہے۔میونسپل کمیٹی کلر سیداں نے بتایا کہ Pak ID موبائل ایپ نادرا کے جدید اور محفوظ ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہے، جس کے باعث شہریوں کے کوائف کی تصدیق اور ڈیٹا کا مکمل تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ اس ڈیجیٹل سروس سے شہری اور دیہی علاقوں کے مکینوں کو یکساں، تیز رفتار اور شفاف سہولیات میسر آئیں گی۔ٹی ایم اے کلر سیداں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کو آسان اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔ میونسپل کمیٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور Pak ID موبائل ایپ کے ذریعے اپنی سول رجسٹریشن بروقت مکمل کریں۔

ٹی ایم اے کے مطابق شہری Pak ID موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اکاؤنٹ بنائیں، صوبہ پنجاب منتخب کریں اور مطلوبہ سروس (پیدائش، وفات، شادی یا طلاق) کا انتخاب کر کے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔شہری حلقوں نے ٹی ایم اے کلر سیداں کی جانب سے جاری اس آگاہی پیغام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی معلومات کی فراہمی سے عوام حکومتی سہولیات سے بروقت مستفید ہو سکیں گے۔