چنام، گنگوٹھی اور بھورہ حیال میں آوارہ کتوں کے حملوں کا خدشہ، شہری شدید پریشان

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کے علاقوں چنام، گنگوٹھی، بھورہ حیال اور گرد و نواح میں اس وقت شدید تشویشناک صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق کسی نامعلوم شخص نے ایک مردہ گائے، جو ممکنہ طور پر کسی موذی بیماری کا شکار تھی، قریبی جنگل میں پھینک دی، جس کے بعد آوارہ کتوں نے اس مردہ جانور کو نوچنا شروع کر دیا۔مردہ جانور کی موجودگی کے باعث آوارہ کتوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے،

جو اب نہ صرف راہگیروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں بلکہ بچوں، بزرگوں اور مویشیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث علاقے کے مکین گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں جبکہ روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے حملوں کے خدشے کے پیش نظر والدین بچوں کو اکیلا باہر بھیجنے سے گریز کر رہے ہیں جبکہ مویشی پال حضرات بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔