راولپنڈی(اویس الحق سے)وطن عزیز کے خوبصورت سیاحتی مقام مری میں 2025 کا پہلا سالانہ “معرکہ حق ہاکی ٹورنامنٹ” منعقد کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ مری کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے جا رہا ہے۔
اس کا انعقاد مری ریڈ ہاکی کلب نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ مری اور بابا گرو نانک ہاکی اکیڈمی ننکانہ صاحب کے تعاون سے کیا ہے۔ ایونٹ کا مقصد ملک کا قومی کھیل ہاکی کو گراس روٹ لیول تک فروغ دینا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں منتخب کی گئی ہیں جو اس تاریخی ایونٹ میں حصہ لیں گی۔ اس ایونٹ کی افتتاحی تقریب 3 ستمبر 2025 کو مری میں منعقد ہو گی۔افتتاحی تقریب کا آغاز ڈپٹی کمشنر مری کریں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ممبران اکرم الحق گجر، باؤ فیاض،منیب گجر، ملک زمان اور اولمپین ملک شفقت بھی اس ایونٹ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس کے علاوہ مقامی سیاسی اور سماجی رہنما اس ٹورنامنٹ میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
“معرکہ حق ہاکی ٹورنامنٹ” کا مقصد پاکستان میں ہاکی کی جڑوں کو مضبوط بنانا ہے اور ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے خوابوں کی حقیقت بنانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر معرکہ حق ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مقامی لوگوں میں بہت جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔