پنجگور (حذیفہ اشرف)بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکن بلوچستان اسمبلی اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما رحمت صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی ولید صالح بلوچ جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق واقعہ پنجگور شہر کے مرکزی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ولید صالح بلوچ اپنی گاڑی میں بازار سے گھر واپس جا رہے تھے۔ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق مرحوم کے بھائی رحمت صالح بلوچ کے گھر پر اس سے قبل بھی دستی بم حملے کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث اہلِ علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس نے مختلف مقامات پر ناکے لگا دیے ہیں تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
