پاکستان سے عازمینِ حج کی سعودی عرب روانگی کا آخری دن

(پنڈی پوسٹ نیوز)پاکستان سے عازمینِ حج کی سعودی عرب روانگی کا آج آخری دن ہے جبکہ آج مزید 12 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 296 عازمین حج روانہ ہوں گے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق لاہور سے آخری حج پرواز رات ساڑھے 10 بجے 290 عازمین کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوگی، جس کے ساتھ ہی رواں سال سرکاری حج پروازوں کا آپریشن مکمل ہو جائے گا۔وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ رات تک ایک لاکھ 14 ہزار 78 پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ مدینہ میں موجود آخری 457 عازمین کا قافلہ آج مکہ روانہ ہوگا۔حکام کے مطابق 44 ہزار 146 پرائیویٹ عازمینِ حج بھی عودی عرب میں موجود ہیں۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جدہ سے واپسی حج پروازوں کا آغاز 31 مئی سے کیا جائے گا۔دوسری جانب وزارت کی مانیٹرنگ ٹیموں نے 4 ہزار 913 پرائیویٹ عازمینِ حج کے انٹرویوز مکمل کر لیے ہیں، جبکہ حج اخراجات کی زائد وصولی سے متعلق شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے 73 ہزار 255 ریال واپس کروا دیے گئے ہیں۔