کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کلر سیداں میں وکلاء اور ان کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام کے طور پر “ڈیسک آف لائرز” قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلر سیداں جناب جہانگیر علی گوندل کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا،
جسے مقامی وکلاء برادری کی جانب سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں ڈاکٹر عابدہ پروین کی جانب سے جاری سرکاری مراسلے کے مطابق ہسپتال کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے کمرہ نمبر 41 میں یہ خصوصی سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے، جہاں پریکٹس کرنے والے وکلاء اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات تک فوری اور آسان رسائی فراہم کی جائے گی۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد وکلاء کو درپیش طبی اور انتظامی مسائل کا بروقت حل اور رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں متعلقہ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (DMS) کو صبح، شام اور رات کی شفٹوں میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ وکلاء اور ان کے اہل خانہ کو چوبیس گھنٹے بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس سلسلے میں ڈاکٹر راجہ جاذب علی صبح، ڈاکٹر زاہد بن سیف شام جبکہ ڈاکٹر سدرہ شبیر رات کے اوقات میں دستیاب ہوں گے، جو نہ صرف طبی سہولیات فراہم کریں گے بلکہ کسی بھی نوعیت کے مسئلے یا رہنمائی کے لیے فوری تعاون بھی یقینی بنائیں گے۔“ڈیسک آف لائرز” کے قیام سے وکلاء کو ہسپتال میں درپیش مشکلات، جیسے طویل انتظار، رہنمائی کی کمی اور انتظامی امور میں پیچیدگیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس ڈیسک کے ذریعے وکلاء کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے گی اور ان کے مسائل کو فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچا کر حل کیا جائے گا۔بار ایسوسی ایشن کلر سیداں کی صدر محترمہ ریفانہ ملک ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری چوہدری محمد اعجاز حسین گجر ایڈووکیٹ نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت وکلاء کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیسک کے قیام سے نہ صرف وکلاء کے مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام عدلیہ اور محکمہ صحت کے درمیان بہتر رابطے اور تعاون کی ایک بہترین مثال ہے، جو دیگر اداروں کے لیے بھی قابلِ تقلید ہے۔
بار عہدیداران نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی جناب ناصر حسین، ایڈیشنل سیشن جج کلر سیداں جناب جہانگیر علی گوندل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں، ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ہسپتال کے تمام عملے کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی بھرپور معاونت، پیشہ ورانہ لگن اور خدمت کے جذبے کو کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے تمام اراکین قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے جو عوام اور وکلاء برادری کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔