مذہبی جماعت کی قیادت کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور(نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں ریاستی رِٹ اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے۔ پنجاب حکومت نے وفاق سے ایک انتہا پسند جماعت پر پابندی کی سفارش کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں مذہبی سیاسی جماعت کی قیادت کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جماعت کی تمام جائیدادیں اور اثاثے محکمہ اوقاف کے حوالے کیے جائیں گے۔ جماعت کے پوسٹرز، بینرز، اشتہارات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
پنجاب حکومت نے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا۔ افغان شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور غیر قانونی تارکین وطن کا رئیل ٹائم ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ غیر قانونی رہائشیوں اور ان کے کاروبار کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 14 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ مقرر کیا گیا۔