روات: مانکیالہ ریلوے اسٹیشن کے قریب شدید بارش کے باعث ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں ڈوب گیا، جس کے نتیجے میں راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے راولپنڈی آنے والی راول ایکسپریس کو حفاظتی اقدامات کے تحت مانکیالہ ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ٹرینوں کی آمدورفت بھی تعطل کا شکار ہے۔
صبح ساڑھے چار بجے سے ٹرین میں سفر کرنے والے مسافر راولپنڈی اور گردونواح میں اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹوں سے ریلوے اسٹیشن پر انتظار کے باعث انہیں شدید اذیت اور پریشانی کا سامنا ہے۔
ریلوے حکام کی جانب سے ٹریک پر جمع ہونے والے سیلابی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پانی کی سطح کم ہونے اور ٹریک کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد ہی ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہونے کا امکان ہے۔