شہباز شریف صاحب ! میرے بابا کو واپس لائیں یر غمال انجینئر کی بیٹی کی دل سوز فریاد

(پنڈی پوسٹ نیوز)صومالی بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے بحری جہاز میں موجود پاکستانی انجینئر کے اہل خانہ شدید پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں۔کراچی سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ انجینئر سید حسین یوسف سمیت 11 پاکستانی عملے کی تاحال بازیابی ممکن نہیں ہو سکی، جبکہ اہل خانہ کا آخری رابطہ 21 اپریل کو ہوا تھا۔متاثرہ انجینئر کی بیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا ’’شہباز انکل! میرے پاپا کو واپس لے کر آئیں، وہ اس ملک کے بیٹے ہیں، انہیں محفوظ واپس لایا جائے۔‘‘معصوم بچی اپنے والد کی تصویر ہاتھ میں لیے حکومتی مداخلت کی منتظر ہے، جبکہ اس کی اپیل نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کرلی ہے۔اہل خانہ کے مطابق 21 اپریل کے بعد سے جہاز کے عملے سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اور انہیں شدید ہراسانی کا سامنا ہے۔انجینئر کی اہلیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو کسی بڑے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔اہل خانہ نے حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ یرغمال پاکستانیوں کی محفوظ واپسی ممکن بنائی جا سکے۔