شاہ باغ کی خوبصورتی کے لیے 1992ء کے کلاس فیلوز کی شجرکاری

(پنڈی پوسٹ نیوز)شاہ باغ کو مزید خوبصورت، سرسبز اور دلکش بنانے کے لیے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول ڈیرہ خالصہ کے 1992ء کے کلاس فیلوز کی جانب سے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت آج شاہ باغ میں مختلف اقسام کے پھولدار پودے لگائے گئے۔اس خوبصورت اور مثبت اقدام کا مقصد شاہ باغ کے حسن میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صاف ستھرے، سرسبز اور خوبصورت ماحول کی فراہمی ہے۔ کلاس فیلوز کی ٹیم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ شاہ باغ کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا اور مختلف مقامات پر شجرکاری اور تزئین و آرائش کے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس فلاحی اور سماجی منصوبے کی قیادت ملک جمیل اعوان کر رہے ہیں، جن کی سربراہی میں 1992ء کے کلاس فیلوز کی ٹیم نہ صرف شاہ باغ کی خوبصورتی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے بلکہ دیگر مختلف فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔یہ اقدام اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ اگر معاشرے کے مختلف طبقات اپنے علاقے کی بہتری کے لیے مل کر کردار ادا کریں تو اپنے شہروں اور قصبوں کو مزید خوبصورت اور مثالی بنایا جا سکتا ہے۔