راولپنڈی تھانہ چونترہ گاؤں چھوکر میں زمین کے تنازع پر خالد پٹواری قتل

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) تھانہ چونترہ کے علاقہ گاؤں چھوکر میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں خالد پٹواری جاں بحق جبکہ ان کا بیٹا اور گاؤں کا ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں۔

ذرائع کے مطابق گاؤں چھوکر میں زمین کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں تبدیل ہو گئی۔ اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں خالد پٹواری موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا بیٹا اور گاؤں کا ایک نوجوان ملازم شدید زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ زمین کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ اہل علاقہ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔