پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں میڈیا نمائندگان کے داخلے اور طلبہ کی ویڈیو بنانے پر پابندی،محکمہ تعلیم کا سخت نوٹس

راولپنڈی(پنڈی پوسٹ نیوز)پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سرکاری و تعلیمی اداروں میں میڈیا نمائندگان کی جانب سے پیشگی اجازت کے بغیر داخلے اور طلبہ و اساتذہ کی ویڈیوز بنانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو ہنگامی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے 24 نومبر 2026 کو جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بعض میڈیا چینلز کے نمائندگان مبینہ طور پر تعلیمی اداروں میں انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر داخل ہو کر طلبہ اور عملے کی ویڈیوز بناتے اور انٹرویوز کرتے ہیں، جو اداروں کی سکیورٹی، بچوں کے تحفظ اور نجی زندگی کے حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

مراسلے کے مطابق بالخصوص کم عمر طلبہ کی ویڈیو بنانے کے لیے والدین یا سرپرستوں کی رضامندی اور متعلقہ حکام کی باضابطہ اجازت ضروری ہے۔ ایسے واقعات سامنے آنے پر متعلقہ سی ای او ایجوکیشن کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 441، 447 اور 186 جبکہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی متعلقہ دفعات 20، 21، 24 اور 26 کے تحت قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں متعلقہ تعلیمی ادارے کا نام، واقعے کی تاریخ و وقت، میڈیا چینل اور نمائندگان کی تفصیلات، اسکول میں داخلے کے طریقہ کار، طلبہ و عملے کی ویڈیوز اور انٹرویوز کی تفصیلات، والدین کی اجازت اور ویڈیو کی نشریات یا سوشل میڈیا پر شیئرنگ سمیت تمام پہلوؤں پر مشتمل جامع انکوائری رپورٹ محکمہ تعلیم کو بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ اسکولوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج، وزیٹر رجسٹر اور دیگر متعلقہ شواہد فوری طور پر محفوظ کیے جائیں، کسی بھی تعلیمی ادارے میں مزید فلم بندی، فوٹوگرافی یا ریکارڈنگ کی اجازت نہ دی جائے اور متاثرہ بچوں کی شناخت اور نجی معلومات کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔مزید برآں جہاں اسکول انتظامیہ کی غفلت یا سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہو، وہاں پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (PEEDA) ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

تمام سربراہانِ تعلیمی اداروں کو میڈیا نمائندگان کے داخلے، وزیٹر مینجمنٹ اور اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی آگاہی دینے کے ساتھ واضح کیا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی تحریری اجازت کے بغیر کسی میڈیا نمائندے کو اسکول میں داخلے اور کوریج کی اجازت نہ دی جائے۔ مراسلے میں ان ہدایات پر مکمل اور سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.