پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027ء کو، کیا اس بار انتخابی عمل مکمل ہو پائے گا؟

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان ہو ہی گیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبے میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے لیے 7 فروری 2027ء سے انتخابی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان یقیناً جمہوریت، عوامی نمائندگی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے حوالے سے ایک خوش آئند پیش رفت ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس مرتبہ بھی انتخابات محض اعلان اور وعدوں تک محدود رہیں گے یا واقعی عوام کو اپنے مقامی نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے گا


الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار ہوں گے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری 2027ء کو لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں متوقع ہے۔ مجوزہ مرحلہ وار پروگرام میں 14 فروری کو ساہیوال، ملتان اور بہاولپور جبکہ 21 فروری کو راولپنڈی، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں انتخابات کا ذکر ہے۔ 30 نومبر 2026ء تک حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست فراہم کرنے اور 10 دسمبر کو تفصیلی انتخابی پروگرام جاری کرنے کا مرحلہ بھی اہم ہے۔ تاہم دیگر مراحل کی تاریخوں اور حلقہ بندیوں کی حتمی حیثیت کی تصدیق الیکشن کمیشن کے باقاعدہ تفصیلی پروگرام سے ہی ہوگا۔


پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ ہونے والا سلوک ہماری سیاسی تاریخ کا ایک افسوس ناک باب ہے۔ عمران خان کی حکومت نے 4 مئی 2019ء کو پنجاب کے منتخب بلدیاتی ادارے اس وقت تحلیل کر دیے جب ان اداروں کی آئینی مدت پوری ہونے میں تقریباً دو سال آٹھ ماہ باقی تھے۔ یہ ادارے جنوری 2017ء میں اپنی پہلی میٹنگ کے بعد پانچ سالہ مدت کے لیے قائم ہوئے تھے اور ان کی مدت جنوری 2022ء میں مکمل ہونا تھی۔ بظاہر اس اقدام کو بلدیاتی نظام میں اصلاحات کا نام دیا گیا، لیکن سیاسی حلقوں میں یہ تاثر عام تھا کہ چونکہ ان اداروں میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کی اکثریت تھی، اس لیے انہیں برقرار رکھنا تحریک انصاف کی حکومت کو گوارا نہیں تھا۔


سپریم کورٹ نے مارچ 2021ء میں ان اداروں کی تحلیل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے بحالی کا حکم دیا مگر صوبائی حکومت نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد میں بھی تاخیر کی۔ یوں وہ نمائندے جنہیں عوام نے اپنے مسائل حل کرنے کے لیے منتخب کیا تھا، طویل عرصے تک اپنے اختیارات سے محروم رہے۔ بعدازاں عمران خان کی وفاقی حکومت کے خاتمے کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو نئے صوبائی انتخابات کے انعقاد کے لیے سیاسی اور عدالتی سطح پر بڑی سرگرمی دیکھنے میں آئی۔ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے بھی ان صوبائی انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور کوششیں کیں، لیکن افسوس کہ اسی آئینی جذبے کے تحت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر انوں نے بھی توجہ نہیں دی، حالانکہ جمہوریت کی بنیاد مقامی سطح پر عوامی نمائندگی ہی سے مضبوط ہوتی ہے۔


اس کے بعد پنجاب میں محسن نقوی کی طویل نگران حکومت بھی آئی، لیکن بلدیاتی انتخابات کا معاملہ مسلسل التوا کا شکار رہا۔ 2024ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں مریم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو توقع تھی کہ وہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں گی۔ تاہم یہ معاملہ بھی مختلف وجوہات اور قانونی و انتظامی تقاضوں کی آڑ میں آگے نہ بڑھ سکا۔ بظاہر انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کا خدشہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا جتنا اختیارات کو اپنے ہاتھ میں رکھنے کا رجحان دکھائی دیتا ہے۔

ہمارے ہاں اقتدار کے ایوانوں میں ایک عجیب نفسیات پائی جاتی ہے کہ اختیارات عوام تک منتقل کرنے کی بات تو سب کرتے ہیں، لیکن جب عملی طور پر ایسا کرنے کا وقت آتا ہے تو ہاتھ کھینچ لیا جاتا ہے۔
اب جبکہ نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی تقسیم کی بحث زور پکڑ رہی ہے، بلدیاتی انتخابات کا اعلان ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے۔ ممکن ہے حکومت نے یہ محسوس کیا ہو کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور بہتر گورننس کا عملی مظاہرہ ضروری ہے کیونکہ نئے صوبوں کے قیام کے حامی بھی یہی دلیل دیتے ہیں کہ بڑے صوبوں میں گورننس کے مسائل ہیں۔ مرکز سے دوری پر واقع اضلاع میں ترقی کے ثمرات مکمل طور پر نہیں پہنچ پاتے۔ بہرحال وجہ جو بھی ہو، انتخابات کا اعلان خوش آئند ہے۔ تاہم اس خوشی میں ایک اہم خدشے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

یہ خدشہ پنجاب حکومت کے خوشحال دیہات ایکٹ 2026ء اور اس کے تحت قائم ہونے والے متوازی انتظامی ڈھانچے سے متعلق ہے۔ دیہی علاقوں کی ترقی، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے خصوصی پروگرام بلاشبہ وقت کی ضرورت ہیں، لیکن اگر ایسے ادارے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات محدود کرنے یا ان کے متوازی نظام قائم کرنے کا ذریعہ بنیں تو یہ بلدیاتی جمہوریت کے بنیادی تصور سے متصادم ہوگا۔

ترقیاتی منصوبوں کی ذمہ داری منتخب مقامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر انہیں دی جانی چاہیے۔ خوشحال دیہات پروگرام اور بلدیاتی اداروں کے دائرہ اختیار، ذمہ داریوں اور مالیاتی اختیارات کا واضح تعین انتخابات سے پہلے ضروری ہے تاکہ بعد میں اختیارات کی کشمکش پیدا نہ ہو۔
یہاں یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ہیں۔ یورپ اور ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا ایک بڑا راز مضبوط مقامی حکومتیں ہیں۔ وہاں گلی، محلے، سڑک، نکاسی آب، صفائی، پینے کے پانی، پارکوں اور مقامی سہولتوں کے معاملات مقامی حکومتیں حل کرتی ہیں۔ قومی حکومت تبدیل ہو جائے یا صوبائی حکومت کا اقتدار ختم ہو جائے،

مقامی اداروں کا نظام اپنی آئینی اور قانونی مدت کے مطابق کام کرتا رہتا ہے۔ اس کے برعکس ہمارے ہاں بلدیاتی ادارے نہ صرف اختیارات بلکہ مالی وسائل کے لیے بھی صوبائی حکومتوں کے محتاج ہوتے ہیں۔ ترقیاتی فنڈز کے اجرا میں سیاسی وابستگی اور پسند ناپسند کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ منتخب بلدیاتی اداروں کو مالی، انتظامی اور سیاسی خودمختاری دی جائے۔ انہیں اپنے بجٹ کی تیاری، مقامی ٹیکسوں کی وصولی، ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بااختیار بنایا جائے۔ صوبائی حکومتوں کا کام رہنمائی، نگرانی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہونا چاہیے، نہ کہ ہر چھوٹے بڑے معاملے میں مداخلت کرنا۔
آئین پاکستان کا آرٹیکل 140-A بھی صوبوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ منتخب مقامی حکومتوں کے ذریعے سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کریں۔ لہٰذا بلدیاتی انتخابات کسی حکومت کا احسان نہیں بلکہ عوام کا آئینی حق ہیں۔
اللہ کرے کہ 2027ء میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات واقعی منعقد ہو جائیں اور کوئی نیا قانونی، سیاسی یا انتظامی بہانہ ان کی راہ میں حائل نہ ہو۔ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت یقینی بنائے اور صوبائی حکومت بھی مکمل تعاون کرے۔ انتخابات کے بعد منتخب نمائندوں کو ان کی مقررہ مدت پوری کرنے دی جائے اور کسی سیاسی اختلاف یا حکومتی تبدیلی کو ان اداروں کی تحلیل کا جواز نہ بنایا جائے۔
یاد رکھیے! جمہوریت صرف پارلیمنٹ، اسمبلیوں اور وزیروں، مشیروں کا نام نہیں۔ جمہوریت اس وقت حقیقی معنوں میں مضبوط ہوتی ہے جب عام آدمی اپنے گلی محلے کے مسائل کے حل میں شریک ہو، اس کی آواز سنی جائے اور اس کے منتخب نمائندے کو اختیار بھی حاصل ہو۔ ہمیں ایسی جمہوریت درکار ہے جس میں اقتدار چند ایوانوں میں مقید رہنے کے بجائے عوام کی دہلیز تک پہنچے۔ اس لیے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی کافی نہیں، ان اداروں کو بااختیار بنانا بھی ناگزیر ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.