کلرسیداں (ثاقب شبیر ) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے تحصیل کلرسیداں کا دورہ کیا اور شہر میں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی انتظامات اور ورکرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں اور صفائی ورکرز سے ملاقات کی اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔رانا ساجد صفدر نے کلرسیداں میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی کمیونیکیشن ٹیم کے زیر اہتمام انسدادِ سموگ اور کوڑا کرکٹ کے خلاف آگاہی کیمپ میں شرکت کی، جہاں شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی، خلاف ورزیوں کی روک تھام اور صفائی سے متعلق قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ایم ڈی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے اور سموگ پر قابو پانے کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ شہری کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں، کھلے عام کوڑا جلانے سے گریز کریں اور اپنے اردگرد صفائی کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی آپریشن اور انٹی لٹرنگ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو صفائی کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے مسلسل آگاہ کیا جائے۔


