خیبرپختونخوا میں 30 ڈاکٹر ملازمت سے فارغ،6افغان ڈاکٹروں کو پاکستان چھوڑنے کا حکم

(پنڈی پوسٹ نیوز)خیبرپختونخوا میں 30 ڈاکٹر ملازمت سے برطرف، سیدو شریف اسپتال میں 6 افغان ڈاکٹروں کی ہاؤس جاب بھی روک دی گئی۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے پی ایم ڈی سی کی جعلی رجسٹریشن اور غیر قانونی تقرریوں کے الزامات پر 30 ڈاکٹروں کو ملازمت سے فارغ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا۔ برطرف کیے گئے ڈاکٹر صوبے کے مختلف طبی مراکز میں تعینات تھے۔

دوسری جانب سیدو شریف اسپتال کی انتظامیہ نے پی ایم ڈی سی کے مراسلے کی روشنی میں 6 افغان ڈاکٹروں کو ہاؤس جاب کرنے سے روک دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ان ڈاکٹروں کو فوری طور پر ہاسٹل خالی کرنے اور پاکستان چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے کیے گئے ہیں۔