(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلانِ لاہور کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے صوبائی دارالحکومت میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’وزیراعلی مریم نواز شریف نے زندہ دلان لاہور کے لئے بڑی خوش خبری کا اعلان کیا، لاہور میں 10 دن بسنت منائی جائے گی۔
25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت منائی گئی تھی، وزیراعلی مریم نواز شریف نے نئے سال 2027 کی آمد پر لاہوریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی ۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق 29 جنوری سے 7 فروری تک بسنت منائی جائے گی، 5 فروری کو ‘کش*میر ڈے’ منانے کے لیے ایک روز بسنت کے جشن کا ناغہ ہوگا، بسنت کے دس دن پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے پوری دنیا میں فروغ کا باعث بنیں گے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق گزشتہ بسنت سے بھی بڑھ کر شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ انسانی جان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کے ساتھ گزشتہ بسنت کی طرح ایک نئی مثال بنیں۔