(پنڈی پوسٹ نیوز)پشاور اور دیگر علاقوں کو ملانے والی متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔ موٹروے پولیس کی ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق 23 ستمبر کی رات 11 بجے سے ایم ون، ایم 14، ہزارہ موٹروے، جی ٹی روڈ سمیت مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک روک دی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ایم ون پشاور موٹروے ہارون برج کے مقام پر بند ہے، جبکہ ایم 14 سی پیک کانی برج کے قریب ترپ انٹرچینج کے مقام پر بند کردی گئی ہے، جہاں میانوالی پولیس نے ٹریفک روک رکھی ہے۔
اسی طرح ای 35 ہزارہ موٹروے ہزارہ انٹرلنک کے قریب برہان انٹرچینج سے بند ہے، جبکہ این 5 جی ٹی روڈ اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق راولپنڈی، کوہاٹ روڈ خوش حال گڑھ جبکہ ایبٹ آباد، حسن ابدال روڈ جھاڑی کس چیک پوسٹ کے مقام سے بھی بند ہے۔
اس سے قبل موٹروے پولیس نے بتایا تھا کہ ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف سے بند ہے، جبکہ ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک ٹریفک معطل ہے۔ مختلف انٹرچینجز پر بھی آمدورفت روکی گئی ہے۔دوسری جانب موٹروے ایم 2 لاہور سے اسلام آباد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہے، تاہم بڑی اور کارگو گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔