کلرسیداں (یاسر ملک) اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں ڈاکٹر سیدہ زینب حسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تحصیل کلرسیداں میں بھی نمبر داروں کے ذریعے سبزیاں کاشت کی جائیں گی جو بعد ازاں شہریوں میں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے حکومت نمبر داروں کو بیج، کھاد اور دیگر تمام ضروری سہولیات و معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر کلرسیداں کے نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔ ڈاکٹر سیدہ زینب حسین نے کہا کہ تحصیل بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں اور ناجائز منافع خوری، گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران مقامی صحافی اور سابق بلدیہ ممبر عابد حسین زاہدی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت میونسپل کمیٹی کلرسیداں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ منصوبہ تاحال ایم سی کی تمام وارڈز میں روزانہ کی بنیاد پر مؤثر انداز میں فعال نہیں ہو سکا اور انتظامی خامیوں کے باعث شہریوں کو مطلوبہ نتائج نہیں مل رہے۔ اس پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ وہ اس نشاندہی سے اتفاق کرتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ دو ماہ کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور میونسپل کمیٹی کی تمام وارڈز میں ورکرز باقاعدگی سے کام کرتے نظر آئیں گے۔عابد حسین زاہدی نے کلرسیداں شہر کی واٹر سپلائی اسکیم کی بہتری کے لیے تجویز دی کہ سابق دور میں منظور ہونے والا پانچ کروڑ روپے کا نامکمل منصوبہ مکمل کیا جائے اور نئی رائزنگ پائپ لائن بچھا کر شہر کو روزانہ کی بنیاد پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر سیدہ زینب حسین نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رفعت پاشا کو منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ایک سوال کے جواب میں اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جناح کالونی کلرسیداں کی سیوریج لائن سے متعلق شکایات پر رپورٹ تیار کر لی گئی ہے اور اس منصوبے کے لیے جلد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گاڑیوں کے ذریعے خوراک، ادویات، مویشیوں کے چارے اور لائیو اسٹاک کی ترسیل پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جو حالات معمول پر آنے تک برقرار رہے گی۔ تاہم پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی پر کسی قسم کی پابندی نہیں اور ان کی ترسیل معمول کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ دریائے جہلم کے دلکش کنارے پر واقع دانگلی، آزاد کشمیر کو ایک جدید اور پرکشش سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ سفارشات پر مشتمل خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل پر اراضی کے حصول کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کے ذریعے سیاحت کو فروغ، روزگار کے نئے مواقع اور سرکاری ریونیو میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دانگلی اپنی قدرتی خوبصورتی، دریائے جہلم کے دلکش مناظر اور جغرافیائی اہمیت کے باعث ایک مثالی سیاحتی مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر اس منصوبے پر عملی پیش رفت ہوئی تو نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ علاقے میں ترقی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کلرسیداں میں سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ اڈے کے قیام کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر ہوگا اور شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ڈاکٹر سیدہ زینب حسین نے کہا کہ تحصیل کلرسیداں میں گڈ گورننس کے فروغ کے لیے تمام سرکاری محکموں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کسی بھی شہری کے جائز کام میں غیر ضروری رکاوٹ یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بروقت، شفاف اور میرٹ پر سرکاری خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔