کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کے نواحی گاؤں نوگراں قتل کیس میں چوتھی ہلاکت، سات ماہ بعد زخمی دم توڑ گیا۔تھانہ کہوٹہ کے علاقے نوگراں میں 10 اکتوبر 2025 کو پیش آنے والے قتل کیس میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی۔
واقعے میں شدید زخمی ہونے والا محمد شہزاد عرف جادی تقریباً سات ماہ تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق واقعہ کے بعد 10 اکتوبر 2025 کو قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس خونریز واقعہ میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ محمد شہزاد عرف جادی شدید زخمی حالت میں زیر علاج تھا۔
اہل خانہ کے مطابق طویل علاج کے باوجود محمد شہزاد کی جان نہ بچائی جا سکی اور اس کی وفات کے بعد مقدمے میں جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ واقعہ کو سات ماہ گزر جانے کے باوجود مقدمے میں نامزد مرکزی ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی عدم گرفتاری کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا شکار ہے۔محمد شہزاد عرف جادی کی وفات کے بعد یہ مقدمہ ایک مرتبہ پھر عوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے اعلیٰ پولیس و انتظامی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انہیں انصاف فراہم ہو سکے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔