کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) پٹرولیم مصنوعات مہنگی، کلر سیداں تا راجہ بازار روٹ نمبر 11 کے کرایوں میں اضافہ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ تاریخی اضافے کے اثرات مقامی ٹرانسپورٹ نظام پر بھی مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
کلر سیداں سے راجہ بازار راولپنڈی تک چلنے والی روٹ نمبر 11 کی ائیرکنڈیشنڈ کوسٹرز نے کرایوں میں باقاعدہ اضافہ کر کے نیا کرایہ نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد روزانہ سفر کرنے والے مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔نئے کرایہ نامے کے مطابق کلر سیداں سے چوکپنڈوری تک کرایہ 60 روپے، روات تک 150 روپے، سواں اڈہ تک 200 روپے جبکہ راجہ بازار، جو اس روٹ کا آخری سٹاپ ہے، تک کرایہ 250 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے جس کے بعد مسافروں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔
روزانہ کلر سیداں، چوکپنڈوری، روات، سواں اڈہ اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں نے کرایوں میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات، بجلی، آٹا، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ پہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، ایسے میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ متوسط اور غریب طبقے کے لیے ایک نئے معاشی بوجھ کے مترادف ہے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، گاڑیوں کے پرزہ جات، ٹائروں، مرمت اور دیگر آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہونے کے باعث کرایوں میں ردوبدل ناگزیر ہو چکا تھا۔ ان کا مؤقف ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث پرانے کرایوں پر ٹرانسپورٹ سروس چلانا ممکن نہیں رہا تھا۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.