راولپنڈی پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے گنج منڈی کے علاقے کبوتر گلی میں واقع ایک گودام میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں ممنوعہ چائنیز نمک برآمد کرکے گودام مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں کاروائی کے دوران چاولوں کی بوریوں میں چھپا کر رکھا گیا تقریباً 400 کلوگرام ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد کیا گیا جس کی مالیت 6 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد بتائی جاتی ہے برآمد ہونے والا نمک موقع پر ہی ضبط کر کے تلف کر دیا گیا جبکہ گودام مالک کے
خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں چائنیز سالٹ کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس کی ذخیرہ اندوزی یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جا رہی ہے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری یا ممنوعہ اشیائے خور و نوش کی فروخت سے متعلق شکایات کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں